سرینگر //ریاستی کانگریس نے ریاستی کابینہ وزیر کے بیان کو استحصالی سیاست کاحصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ چندر پرکاش گنگا کا بیان حکومتی ذہنیت کی عکاس ہے ۔پارٹی ترجمان نے کہا کہ حکومت وادی کشمیر میں کشیدہ حالات کو معمول پر لانے کے بجائے اور زیادہ آگ لگا رہی ہے ،جو کہ نا قابل برداشت ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ یہ اقدام کشمیر میں حالات کو مزید خراب کرنے کے مترادف ہے جبکہ بی جے پی لیڈر اور کابینہ وزیر کا بیان استحصالی سیاست اور حکومتی ذہنیت کی عکاس ہے ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی لیڈر کشمیر میں امن قائم کرنے اور حالات کو معمول پر لانے کے بجائے دھمکی آمیز بیان دے رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کابینہ وزیر کی جانب سے دئے گئے بیان سے کشمیر وادی میں حالات اور زیادہ خراب ہوسکتے ہیں ۔کانگریس ترجمان نے بی جے پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ پارٹی کو اس معاملے پر وضاحت کرنی چاہئے جبکہ ریاستی حکومت کی غلط پالیسیوں کے نتیجے میں آج کشمیر جل رہا ہے ۔