سرینگر//جموں کشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے پیر کو بتایا کہ نٹی پورہ سرینگر میں پی ڈی پی لیڈر کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکار کی ہلاکت جاری انتخابی عمل میں خلل ڈالنا تھا۔
دلباغ سنگھ نے کہا”اس قتل کا مقصد وادی میں جاری انتخابی عمل اور پر امن ماحول کو نقصان پہنچانا تھا“۔
پولیس سربراہ اپی ایس او منظور احمد کو ضلع پولیس لائنز سرینگر میںخراج عقیدت پیش کرنے کی تقریب کے حاشیئے پر نامہ نگاروں سے بات کررہے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کو اس بات کے سراغ ملے ہیں کہ حملہ آور کتنے تھے اور کہاں سے آئے تھے۔انہوں نے بتایا کہ اس حملے میں ملوث افراد کا بہت جلد پتہ لگایا جائے گا۔
پولیس سربراہ کے مطابق جموں کشمیر اس وقت ایک اہم عمل سے گذر رہی ہے۔
انہوں نے کہا”حفاظت کے اعلیٰ انتظام ہیں لیکن ہم لوگوں کی نقل و حمل پر روک نہیں لگاسکتے ہیں۔قوم دشمن عناصر کی ایک قلیل تعداد ہے جو چھپتے چھپاتے سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں“۔
قابل ذکر ہے کہ آج صبح نامعلوم بندوق برداروں نے سرینگر کے نٹی پورہ علاقے میںایک پولیس اہلکار کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔
مذکورہ اہلکار (پی ایس او) پی ڈی پی لیڈر حاجی پرویز احمد کی حفاظت پر مامور تھا اور اُس پر کئی گولیاں چلائیں گئیں۔