سرینگر//پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی (پی ڈی پی) یوتھ ونگ کے صدر وحید الرحمان پرہ ، جسے این آئی اے کی عدالت نے تین روز قبل ضمانت فراہم کی تھی، کو پیر کے روز جموں کشمیر پولیس نے گرفتار کرلیا۔پولیس نے پرہ کو سیاست دانوںاور جنگجوﺅںکے مابین مبینہ رابطے کے کیس میں گرفتار کیا ہے۔
مذکورہ کیس پولیس کی کرائم برانچ نے درج کر رکھا ہے۔
پولیس نے پرہ کو جموں کی ایک عدالت کے سامنے پیش کرکے اُس کی ریمانڈ 18جنوری تک حاصل کی۔پرہ کو اب پوچھ تاچھ کیلئے سرینگر منتقل کیا جارہا ہے۔
یاد رہے کہ پرہ کو قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے ) نے گذشتہ برس25نومبر کوحزب المجاہدین کے ساتھ رابطے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔
پرہ، جس نے حال ہی میں منعقدہ ڈی ڈی سی انتخابات میں جیت حاصل کی،کو تین روز قبل ضمات حاصل ہوئی تھی۔تاہم رہائی کے وقت پولیس کی ایک ٹیم نے آکر پی ڈی پی لیڈر کو اپنی تحویل میں لے لیا۔