جاوید اقبال
مینڈھر //سابق وزیر اعلیٰ اور پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے ہفتہ کے روز مینڈھر کے ہرنی علاقے کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پارٹی کے سینئر رہنماؤں سردار وسیم خان اور ندیم رفیق خان سے ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت پیش کی۔ وہ مرحومہ کے گھر کافی دیر تک موجود رہیں اور اہلِ خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔محبوبہ مفتی نے مرحومہ کے ایصالِ ثواب اور اہلِ خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔ اس موقع پر مقامی معززین، پی ڈی پی کارکنان اور بڑی تعداد میں لوگ تعزیت کے لئے موجود تھے۔گفتگو کے دوران محبوبہ مفتی نے کہا کہ مرحومہ ایک باعزت، شریف النفس اور ملنسار خاتون تھیں، جن کے اچھے اخلاق، خدمت اور کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔تعزیتی ملاقات کے دوران پارٹی کارکنان نے محبوبہ مفتی کو علاقے کے مختلف مسائل سے بھی آگاہ کیا، جس پر انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ ان مسائل کو متعلقہ حکام تک پہنچا کر حل کے لئے کوشش کریں گی۔محبوبہ مفتی کے ہمراہ سابق ایم ایل سی محمد رشید قرشی، پی ڈی پی ضلع صدر شمیم بانڈے ،زونل صدر خورشید احمد خان، پی ڈی پی لیڈر مصطفی صابر سمیت متعدد کارکنان اور علاقہ کے لوگ شامل تھے۔