سرینگر//نیشنل کانفرنس خواتین ونگ کی صوبائی صدر اور ممبر اسمبلی شمیمہ فرودس نے کہا ہے کہ پی ڈی پی نے اپنے ضمیر کا سودا کرکے جموں وکشمیر کے لوگوں کو مصائب اور مشکلات میں مبتلا کرنے کے ساتھ ساتھ ریاست کی خصوصی پوزیشن کو ختم کرنے کا تہیہ بھی کر رکھا ہے ۔ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کے نائب صدر نے 35Aسے متعلق نئی منطق بیان کی ہے اور موصوف نے اعلان کیا ہے کہ 10ستمبر کوA 35سے متعلق بڑا اعلان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کے یہ حربے کوئی نئی بات نہیں، اس جماعت نے بھاجپا کے ساتھ اتحاد کرتے وقت ایجنڈا آف الائنس کا ڈھنڈورا پیٹا۔ ایجنڈا آف الائنس میں دفعہ370کیساتھ کسی بھی قسم کی چھیڑ کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن گذشتہ 3سال میں جی ایس ٹی سمیت 3مرکزی قوانین کو ریاست میں لاگو کرکے خصوصی پوزیشن کو کمزور کیا گیا اور اب 35Aپر بھی سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔ شمیمہ فردوس نے کہا کہ سیلاب زدگان کی بازآبادکاری کیلئے جہاں سابق نیشنل کانفرنس حکومت نے 44ہزار کروڑ کا مطالبہ کیا تھا وہیں پی ڈی پی والوں نے اُس مطالبے کو سبوتاژ کیا اور کہا کہ وزیر اعظم اس سے بڑا پیکیج دینے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے سرینگر میں پی ڈی پی کی ریلی میں 80ہزار کروڑ کا اعلان کیا لیکن ابھی تک کشمیری قوم نے ایک پیسہ نہیں دیکھا۔