راجوری //پیپلزڈیموکریٹک پارٹی ضلع اکائی راجوری نے پارٹی سرپرست اورسابق وزیراعلیٰ مفتی محمدسعیدکی تیسری برسی پرمرحوم رہنماکوشاندارخراج عقیدت پیش کیا۔ اس سلسلے میں ڈاک بنگلوراجوری میں ایک اجلاس منعقدہواجس میں پارٹی کے سینئرلیڈران بشمول چوہدری ذوالفقارعلی ،چوہدری قمرحسین ودیگران نے شرکت کی۔اس دوران میٹنگ میں مقررین نے مرحوم مفتی محمدسعیدکوایک دوراندیش قائد،عوام دوست لیڈراورامن کاداعی قراردیا۔پی ڈی پی لیڈران نے کہاکہ مفتی محمدسعیدنے ریاست کومشکل حالات سے نکال کرہندوپاک کے درمیان رشتوں کوبہتربنانے کیلئے نمایاں خدمات انجام دیں اورسرحدوں پرامن قائم کیا۔ انہوں نے کہاکہ مرحوم مفتی محمدسعیدکی سرحدوں پرقیام امن اورریاست میں تعمیروترقی کاانقلاب لانے کے حوالے سے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔انہوں نے مزیدکہاکہ مفتی محمدسعیدنے عوام کی بہبودکیلئے متعدداہم فیصلے لیے اورریاست کوتعمیروترقی کی راہ پرگامزن کیا۔راجوری کے علاوہ پونچھ اورنوشہرہ میں بھی مفتی محمدسعیدکی تیسری برسی کے مواقعہ پر خراج عقیدت تقریبات کا انعقادکیاگیا۔