سرینگر//نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر نے کہاہے کہ موجودہ سرکار نے نئی دلی کے سامنے مکمل طور پر سرینڈر کیا ہوا ہے، ذرائع ابلاغ میں تعمیر و ترقی سے متعلق میٹنگوں کا انعقاد دکھا کر عوام کو گمراہ کرنے کی مذموم کوششیں کی جارہی ہے جبکہ گذشتہ اڑھائی سال میں یہاں کی تعمیر و ترقی ماند پڑ گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ3سال قبل جب سابق نیشنل کانفرنس حکومت نے مرکز سے سیلاب متاثرین اور سیلاب سے متاثرہ ڈھانچے کی تعمیر نو کیلئے جس مالی پیکیج کا مطالبہ کیا تھا وہ پی ڈی پی والوں نے سبوتاژ کردیا ۔ جس کی وجہ سے لوگوں کو بھر پور مالی امداد نہ مل کسی اور نہ ہی متاثرہ ڈھانچے کی تعمیر نو کی گئی۔ساگر نے کہا کہ پی ڈی پی حکومت کے اڑھائی سال میں سرکار نوکریوں کے دروازے بند کردیئے گئے، اگر خدانخواستہ کسی کو نوکری مل بھی جاتی ہے تو اس میں اقرباپروری، اقربانوازی، رشوت اور سیاسی اثر و رسوخ کارفرما ہوتا ہے۔ گذشتہ اڑھائی سال میں پی ڈی پی حکومت میں کشمیری قوم نے جو کچھ دیکھا اور سہا اُس کی مثال ماضی میں کہیں نہیںملتی۔ پی ڈی پی سرکار کے دوران جتنے لوگ جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جتنے زخمی اور جتنے نابینا ہوئے اور جتنے گرفتار ہوئے، محبوبہ مفتی نے اس سب کی ذمہ دار لینے کے بجائے براہ راست عوام کو ہی اس کیلئے ذمہ دار ٹھہرایا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی بھاجپا حکومت کے غلط فیصلوں اور غیر دانشمندانہ اقدامات سے ایسی فضاءقائم ہوئی ہے کہ آج بھی یہاں غیریقینت چھائی ہوئی ہے۔