سرینگر// نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفےٰ کمال نے کل پارٹی ہیڈکوارٹر پر پارٹی کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکمران ریاست کو تباہی اور بربادی کی طرف لے جارہے ہیں، ریاستی عوام کے مشکلات میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے، بے روزگار کی حدیں پار کرچکی ہیں، تاجروں کے حقوق پر شب خون مارا جارہا ہے جبکہ ریاست کے مسلم اکثریتی کردار کو مسخ کرنے کی بھی بڑے پیمانے پر سازشیں رچائی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے خرمن امن کو آگ لگنے کا اندیشہ اُسی روز ظاہر ہوگیا تھا جب پی ڈی پی نے بھاجپا کے ساتھ اتحاد کرکے بھگوا جماعتوں کے کشمیر دشمن ایجنڈا پر کام شروع کیا تھا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پی ڈی پی کے خودساختہ لیڈران اپنی پارٹی کے کالے کارناموں سے توجہ ہٹانے کیلئے اب بعض ذرائع ابلاغ کا استعمال کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ وہی جماعت نے جس نے شرائن بورڈ کو زمین منتقل کرکے 2008میں یہاں حالات کو آگ کی نذر کردیا ، جن حالات کو ٹھیک کرنے کیلئے برسوں لگے تھے۔ اُس وقت بھی اس جماعت نے اُس وقت کے اپنے اتحادیوں کو ساتھ چھوڑ کر اپنا پلو جھاڑنے کی بھر پور کوشش کی۔ ڈاکٹر کمال نے کہا کہ غلط بیانی ، فریبی کاری اور مکاری پی ڈی پی کا شیوا رہا ہے اور آج بھی یہ جماعت اسی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2015میں حکومت سنبھالنے کے بعد سے ہی پی ڈی پی نے کشمیر دشمن اقدامات کرکے یہاں بے چینی کی شروعات کی اور گذشتہ اڑھائی سال سے ہم چاروں طرف غیر یقینیت، عدم تحفظ اور افرا تفری کے سوا کچھ نہیں دیکھ رہے ہیں۔