سرینگر//’’پی ڈی پی حصول اقتدار کی خاطر بنیادی ایجنڈے سے منحرف ہوکر فرقہ پرستوں کے رنگ میں رنگ چکی ہے‘‘ کا الزام عائد کرتے ہوئے ایم ایل اے کولگام نے ریاست کے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے تصدق مفتی کی طرف سے دئے گئے بیان کے حوالے سے وضاحت طلب کی ہے۔ ریاست کے وزیر سیاحت اور وزیر اعلیٰ کے برادر اصغر مفتی تصدق حسین نے گزشتہ روز کہا تھا کہ پی ڈی پی اور بی جے پی کے اتحاد کاخاخمیازہ عوام کو اپنے خون سے چکاناپڑرہا ہے۔ تاریگامی نے کہا ہے کہ مفتی تصدق حسین کے بیان کے بعد ریاستی وزیر اعلیٰ اپنی پوزیشن واضح کریں۔تاریگامی نے وزیر اعلیٰ کے برادر اصغر کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے سامنے معافی مانگنے میں پی ڈی پی کو کیا چیز روک رہی ہے۔ اگرچہ اندرون و بیرون ریاست جمہوریت پر یقین رکھنے والے لوگوں لوگوں نے کئی مرتبہ پی ڈی پی کو فرقہ پرستوں کی سازشوں سے قبل از وقت واقف کرایا تھا مگر پی ڈی پی نے جمہوری آوازوں پر کوئی کان نہ دھرتے ہوئے ان کے ساتھ اتحاد کیا جس کی وجہ سے آج پوری ریاست غیر یقینیت اور فرقہ واریت کی شکار ہے۔ انہوں نے پی ڈی پی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا اس پارٹی نے کبھی بھی بی جے پی کو ایجنڈا آف الائنس میں درج وعدوں کو عملانے پرجواب دہ نہیں بنایا۔ اس وقت عوام کے اندر پی ڈی پی کی جانب سے کئے گئے وعدوں کو نافذ العمل نہ بنانے اور اس جماعت کی خاموشی پر کافی غم و غصہ پایا جارہا ہے۔ کٹھوعہ آبروریزی اور قتل معاملے پر بولتے ہوئے تاریگای نے کہا کہ دو مہینے گزرنے کے باوجود بھی ریاستی وزیر اعلیٰ ان وزراء کے خلاف کارروائی نہیں کرپائی اب جبکہ عالمی سطح پر سماج کے مختلف طبقوں نے اس شرمناک واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے ملوثین کو سزا دینے کا مطالبہ کیا تب جاکر بی جے پی کے دو وزرا بیرونی دبائو کی وجہ سے مستعفی ہوگئے۔