سرینگر//ریاستی کانگریس کے صدر غلام احمد میر نے غیر یقینی صورتحال کیلئے مخلوط سرکار کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ پی ڈی پی اور بی جے پی کو اپنے اپنے مفادات زیادہ عزیز ہیں ۔ پونچھ راجوری اور ریاسی میں عوامی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے پردیش کانگریس کے صدر نے کہا کہ ریاست جموںوکشمیر میں سیاسی ، سماجی اور عوامی سطح پر جو تذبذب اور غیر یقینی صورتحال پائی جاتی ہے وہ ریاست میں بر سر اقتدار موجودہ مخلوط سرکار کی پیدا کردہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مخلوط سرکار میں شامل جماعتوں کو اپنے مفادات زیادہ عزیز ہیں اور وہ اقتدار میں بنے رہنے کیلئے کسی بھی حد تک جاسکتی ہیں ۔ غلام احمد میر نے پی ڈی پی اور بی جے پی کے اصولوں اور مواقف میں واضح تضاد ہونے کی بات کہتے ہوئے کہا کہ الگ الگ اصول ہونے کے باوجود صرف کرسی کیلئے یہ جماعتیںا کٹھی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتوں نے مل کر ریاست میں صورتحال کو تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا ہے ۔ غلام احمد میر نے کہا کہ آرٹیکل 35-A کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال خطرناک موڑ لے سکتی ہے لیکن مخلوط سرکار کو اس کا ذرا بھی احساس نہیں ہے ۔