سرینگر//نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے لوگوں کو پی ڈی پی اور بھاجپا اتحاد سے ہوشیار رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں جماعتیں آر ایس ایس کے ڈکٹیشن پر کام کررہی ہیں۔ محلہ مخدوم صاحب میں حضرت سلطان العارفین کمیونٹی ہال میں مقامی لوگوں کے ساتھ خیالات کا تبادلہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج دنیا میں ملت اسلامیہ پریشانِ حال اور مشکلات سے دوچار ہے، جس کی سب سے بڑی وجہ ہے کہ مسلمانوں میں جذبہ اخوت، ہمدردی، آپسی سوجھ بوجھ، اتحاد و اتفاق کا فقدان ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ جب تک اُمت مسلمانوں متحد تھی تب تک ہر ایک مسلم مملکت خوشحال اور ترقی یافتہ تھی۔ صہیونی طاقتوں نے اپنے ناپاک عزائم اور مسلمانوں کو پست کرنے کیلئے سازشیں رچیں اور مسلمان ان سازشوں کا آسانی سے شکار بن گئے۔ حالیہ یو پی انتخابات کے نتائج کی مثال دیتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے نے کہا کہ اس ریاست میں 100سے زائد ایسی انتخابی نشستیں ہیں، جس کا فیصلہ مسلمان اپنے ووٹوں سے کیا کرتے تھے لیکن اس بار یو پی کے مسلمانوں کو بھی تقسیم کرکے اُنہیں ٹولیوں میں بانٹ دیا گیا، نتیجتاً مسلمانوں کی آواز دب کر رہ گئی۔ انہوں نے کہا کہ 2014کے انتخابات میں بی جے پی نے پی ڈی پی کے ساتھ مل کر ایسا ہی کچھ یہاں بھی کیا اور جموں و لداخ میں انتخابات کو مذہبی رنگت دی گئی۔ انہوں نے کہا ’ہم نے تب بھی یہاں کے عوام کو پی ڈی پی بھاجپا اتحاد کی سازشوں سے ہوشیار کیا اور آج بھی یہ بات دہراتے ہیں کہ یہ دونوں جماعتیں آر ایس ایس کے ڈکٹیشن پر کام کررہی ہیں ، جس کا مدعا و مقصد ریاست کی خصوصی پوزیشن، دفعہ370، سٹیٹ سبجیکٹ قانون اور یکساں سول کوڈ نافذ کرناہے۔ اس قبل ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے شاہد جیلانی مخدومی کے گھر جاکر تعزیت کی اور ڈھارس بندھائی۔ یاد رہے شاہد جیلانی کی والدہ محترمہ گذشتہ دنوں انتقال کر گئیں تھی۔ اس موقعے پر مرحومہ کے حق میں فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ اُن کے ہمراہ پارٹی کے سینئر عبدالرحیم راتھر بھی تھے۔