یو این آئی
دبئی/انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے موجودہ ایشیا کپ سے میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو ہٹانے کی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی درخواست کو باضابطہ طور پر مسترد کر دیا ہے ۔ کرک بَز نے پیر کے روز اس ممکنہ فیصلے کی خبر دی تھی اور کہا جا رہا ہے کہ اس کی اطلاع پی سی بی کو گزشتہ رات دے دی گئی تھی۔آئی سی سی کے آپریشن یا قانونی شعبے کی جانب سے بھیجا گیا یہ پیغام واضح کرتا ہے کہ دبئی میں ہندوستان-پاکستان میچ کے دوران ‘ہاتھ نہ ملانے کے تنازعے ‘ میں میچ ریفری کا کوئی کردار نہیں تھا۔پی سی بی نے الزام لگایا تھا کہ ٹاس کے وقت پائیکرافٹ نے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا سے کہا تھا کہ وہ ہندوستانی کپتان سوریا کمار یادو سے ہاتھ ملانے سے گریز کریں، جس سے میچ آفیشل کی غیر جانبداری پر سوال اٹھا تھا۔ تاہم، آئی سی سی نے وضاحت کی کہ پائیکرافٹ نے صرف وہی بتایا جو انہیں میدان پر موجود اے سی سی حکام کی جانب سے کہا گیا تھا۔ اس طرح یہ غلط فہمی دور ہو گئی اور پاکستان کا یہ دعویٰ بھی مسترد ہو گیا کہ ریفری ہندوستانی ٹیم کے حق میں کام کر رہا تھا۔ اس تنازعے کے بعد بدھ کے روز ہونے والا پاکستان-یو اے ای میچ سرخیوں میں آ گیا ہے ۔ 69 سالہ زمبابوے کے پائیکرافٹ اس میچ کے لیے مقررہ ریفری ہیں اور پی سی بی نے علانیہ کہا ہے کہ اگر وہ میچ آفیشل رہے تو پاکستانی ٹیم میدان میں نہیں اترے گی۔ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کی سربراہی والی اے سی سی پاکستان-یو اے ای میچ کے لیے میچ ریفری کو تبدیل کرنے کی کوشش کر سکتی ہے یا نہیں، لیکن عام طور پر میچ آفیشلز، امپائرز اور میچ ریفریز کی تقرری آئی سی سی ہی کرتی ہے ۔ رابطہ کرنے پر، پی سی بی نے کہا کہ اسے آئی سی سی سے اس بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے ۔