سرینگر//محکمہ پی ایچ ای میں کام کر رہے کیجول لیبروں ،نیڈ بیس ورکروں اور ڈیلی ویجروں نے جمعہ کو مسلسل دوسرے روز بھی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف پریس کالونی میں شمعیں جلا کر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔وادی سے آئے ہوئے محکمہ پی ایچ ای کے کئی کیجول لیبر،نیڈ بیس ورکر اور ڈیلی ویجر پریس کالونی میں جمع ہوئے اور عید سے پہلے 18ماہ کی واجب الادا تنخواہوں کی ادائیگی کا مطالبہ دہرایا ۔مظاہرین نے بتایا کہ محکمہ خزانہ نے کشمیر پی ایچ ای محکمہ میں کام کر رہے عارضی ملازمین کی تنخواہوں کے لئے 15.56کروڑ واگذار کئے ہیں جوکشمیر محکمہ پی ایچ ای کے 2018.19کے بجٹ تنخواہ کا 50فیصد ہے جبکہ جموں پی ایچ ای کوبھی50فیصد واگذار کئے گئے تاہم رقومات کی منظوری کے باوجود بھی محکمہ جان بوجھ کر تنخواہیں واگذار کرنے میں لیت لعل سے کام لے رہا ہے جس کی وجہ سے ملازمین کے مشکلات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے ۔ مظاہرین نے حکومت سے التماس کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری ساتھ سراسر ناانصافی ہے اور اگر دونوں خطوں جموں اور کشمیر میں واجب الادا تنخواہوں کو واگذار کرنے کی منظوری دی گئی ہے تو کشمیر کے ملازمین کو کیوں نظر انداز کیا جارہا ہے۔معلوم رہے کہ 7جون سے محکمہ پی ایچ ای میںکیجول لیبروں ،نیڈ بیس ورکروں اور ڈیلی ویجروں تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف تالہ بند ہڑتال پر ہیں۔