عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جل شکتی کے وزیر جاوید احمد رانا کے ساتھ جمعرات کو میٹنگ کے بعد پی ایچ ای ڈیلی ویجروں نے کام چھوڑ ہڑتال 10دنوں کے کے لئے ختم کر دی۔واضح رہے کہ محکمہ جل شکتی میں کام کرنے والے ڈیلی ویجر گذشتہ کچھ روز سے کام چھوڑ ہڑتال پر تھے ۔جموں و کشمیر اسمبلی میں لیڈر آف اپوزیشن سنیل شرما نے حکومت سے اپیل کی تھی کہ وہ ہڑتال پر بیٹھے ان ڈیلی ویجروں کے ساتھ بات کرے ۔ان کا کہنا تھا کہ ان کی کام چھوڑ ہڑتال سے جموں وکشمیر میں پانی کی شدید قلت پیدا ہوئی ہے ۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ان ڈیلی ویجروں سے ہڑتال ختم کرنے کی اپیل کی تھی اور انہیں سرکار کی طرف سے عارضی ملازموں کے لئے بنائی گئی کمیٹی کے ساتھ بات کرنے کو کہا تھا۔یہ ڈیلی ویجر کم ازکم ویجز ایکٹ لاگو کرنے ، 4سو کروڑ روپیے پنڈنگ رقم واگذار کرنے اور ریٹائر منٹ کے معاملے کے مطالبوں کو لے کر کام چھوڑ ہڑتال پر تھے ۔موصوف وزیر کے ساتھ جمعرات کو میٹنگ کے بعد ڈیلی ویجروں کے ایک عہدیدار نے میڈیا کو بتایا: ‘آج صبح ہماری جل شکتی کے وزیر جاوید احمد کے ساتھ ان کی رہائش گاہ پر میٹنگ ہوئی، جنہوں نے ہمیں عید، نوراتری کے تہواروں کے پیش نظر ہڑتال ختم کرنے کو کہا’۔انہوں نے کہا: ‘وزیر نے ہماری دو مانگوں 4 سو کروڑ روپیہ واگذار کرنے اور لداخ یونین ٹریٹری کی طرح منیمم ویجز دینے کا وعدہ کیا جبکہ ریٹائرمنٹ کے معاملے کے بارے میں بھی وہ متعلقہ افسروں کے ساتھ بات کریں گے ‘۔ان کا کہنا تھا: ‘ہم نے کام چھوڑ ہڑتال 10دنوں کے لئے ختم کر دی ہے تاہم ہم احتجاج جاری رکھیں گے کیونکہ ہمارے ساتھ پہلے بھی دھوکہ ہوا ہے ‘۔دریں اثنا وزیر جل شکتی جاوید احمد ڈار نے ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا: ‘پی ایچ ای کے ڈیلی ویجروں کے ساتھ ثمر آور بات ہوئی جنہوں نے ہڑتال ختم کرنے کا فیصلہ لیا’۔انہوں نے کہا: ‘میں نے انہیں یقین دلایا کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت مرحلہ وار طریقے سے ان کے حقیقی مسائل کو حل کرنے کے لیے پرعزم ہے اور ان کی گراں قدر خدمات کو تسلیم کیا جاتا ہے ‘۔ان کا پوسٹ میں مزید کہنا تھا: ‘ہم ڈیلی ویجروں کے مسائل کو حل کرنے کے لئے ایک منصفانہ طریقے سے کام کر رہے ہیں’۔