بھدرواہ//پی ایچ ای حکام کے مبینہ غیر ذمہ دارانہ، انتہائی افسوس ناک اور غیر متوقع رویہ سے جو گزشتہ 3 ماہ سے 4 دیہات اوراتکھر کے 4 اسکولوں کو پینے کے پانی کی فراہمی کو بحال کرنے میں ناکام رہے ہیں،منگل کو دیہاتیوں نے ایک زبر دست احتجاجی مظاہرہ کیا اورسر تنگل کے مقام پربھدرواہ اتکھر سڑک کو کئی گھنٹوں تک بند رکھا۔گائوں سر تنگل،مونڈہ،بڈھروٹ اور گڑھ کے 400گھرانے گذشتہ 3ماہ سے پانی کے شدید بحران سے پریشان ہیں،پی ایچ ای حکام کے انتہائی افسوس ناک رویہ کی وجہ سے پانی کی سپلائی متاثر ہو ئی ہے۔اپنے مطالبات کو لے کر درجنوں دیہاتی سرتنگل چوک میں جمع ہوے اور ایک زبر دست مظاہرہ کیا،جس میں انہوں نے پی ایچ ای بھدرواہ اور انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے جو متعددبار بار درخواستیں دینے کے بائوجود پانی بحال نہیں کر سکے۔ارشاد احمد لاوے صدر لینڈ اونرز اسوسی ایشن نے کہا کہ ہم پچھلے 3ماہ سے پانی کی بحالی کے لئے مدد کی دہار لگا رہے ہیں لیکن انتظامیہ ٹس سے مس نہیں ہو رہی ہے۔اے ای ای پی ایچ ای اور سیول انتظامیہ کے رویہ سے غریب دیہاتی سڑکوں پر آنے کے لئے مجبور ہوے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پچھلے ماہ بھی اسی قسم کا احتجاج کیا گیا تھا تب اے ای ای پی ایچ ای نے ایک ہفتہ میں پانی کی سپلائی کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن یہ افسر مقامی ایم ایل اے کے زیر اثر ہے اس لئے ہماری کوئی سنوائی نہیں ہو رہی ہے۔بعد میں نائب تحصیلدار اتکھر عثمان احمد پی ایچ ای کے جونیئر انجینئر کے ہمراہ موقع پر پہنچے گاوں والوں سے ایس ڈی ایم کی طرف سے ایک ہفتہ کے اندر پانی بحالی کی یقین دہانے کرائی اور احتجاج ختم کرنے کو کہا۔ایس ڈی ایم کی یقین دہانی کے بعد مظاہرہ ختم کردیا گیا اور ٹریفک بحال کر دی گئی۔