عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//ملک کے تقریباً 9.7کروڑ کسانوں کو پردھان منتری کسان سمان ندھی یوجنا (پی ایم-کسان)کی20ویں قسط ہفتہ کو براہ راست بینک کھاتوں میں منتقل کی گئی۔ اس بار 20,500کروڑ کی بھاری رقم براہ راست بینیفٹ ٹرانسفر (DBT)کے ذریعے بھیجی جا رہی ہے۔ یہ قسط ہر مستحق کسان کو 2000کی مدد کی صورت میں دی جا رہی ہے، تاکہ وہ خریف سیزن کے لیے بیج، کھاد اور دیگر ضروری زرعی سامان خرید سکیں۔اس اسکیم کا وسیع اثر ملک کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش میں دیکھا جا رہا ہے۔ اس بار یوپی کے تقریباً 2.25کروڑ کسانوں کے کھاتوں میں تقریبا 4,985.49 کروڑ روپے بھیجے جائیں گے۔پردھان منتری کسان سمان ندھی یوجنا مرکزی حکومت کی ایک بڑی پہل ہے، جس کا مقصد ملک کے چھوٹے اور پسماندہ کسانوں کو باقاعدہ مالی امداد فراہم کرنا ہے۔ اس اسکیم کے تحت، کسانوں کو ہر سال 6,000 کی امداد تین قسطوں میں دی جاتی ہے ۔ہر چار ماہ بعد 2,000 کی رقم براہ راست بینک اکائونٹ میں منتقل کی جاتی ہے۔ یہ سکیم نہ صرف کسانوں کو کاشتکاری کی لاگت کو برداشت کرنے میں مدد دیتی ہے بلکہ انہیں قرض سے بچنے اور خود انحصار بننے کی ترغیب دیتی ہے۔