عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی //وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو بہار کے بھاگلپور سے پی ایم کسان سمان ندھی (پی ایم۔کسان) اسکیم کی 19ویں قسط جاری کی۔وزیر اعظم نریندر مودی نے کسی کا نام لیے بغیر آر جے ڈی کو نشانہ بنایا جو اپوزیشن اتحاد کی قیادت کر رہی ہے۔مودی نے کہاکہ حکومت کی کوششوں سے پچھلے کچھ سالوں میں ہندوستان کی زرعی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ جس کی وجہ سے کسانوں کو اپنی پیداوار کی زیادہ قیمت ملنا شروع ہو گئی ہے۔ بہت سی ایسی زرعی مصنوعات ہیں جن کی برآمد پہلی بار شروع ہوئی۔ اب بہار سے مکھانے کی باری ہے۔ یہ ایک سپر فوڈ ہے جسے اب عالمی منڈیوں میں دستیاب کرنے کی ضرورت ہے۔ اس لیے اس سال کے بجٹ میں مکھانہ پیدا کرنے والے کسانوں کے لیے مکھانہ بورڈ بنانے کا اعلان کیا گیا ہے۔وزیر اعظم کے دورے کی تیاریوں کی نگرانی کیلئے، مرکزی وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان، اتوار کو ریاست پہنچے اور کاشت کرنے والے کسانوں کے ساتھ بات چیت کی، تاکہ حالیہ بجٹ میں اعلان کردہ “مکھانہ بورڈ” کے بارے میں ایک منصوبہ تیار کیا جا سکے۔چوہان نے پی ایم کی تقریب میں کہا تھاکہ “پورے ملک پر اثر پڑے گا کیونکہ 9.80 کروڑ کسانوں کو کسان سمان ندھی یوجنا کی ایک اور قسط کے طور پر 22,700 کروڑ روپے ملیں گے”۔