یو این آئی
جموں//(یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی 20فروری کو جموں وکشمیر کے دورے پر آرہے ہیں جس کے پیش نظر جموں صوبے کو فوجی چھاونی میں تبدیل کیا گیا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ اتوار کے روز سیکورٹی فورسز نے ایم اے اسٹیڈیم کو پوری طرح سے سیل کیا جبکہ ایس ایس جی کمانڈوز کی بھی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی کے جموں دورے کے پیش نظر سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔نامہ نگار نے بتایا کہ جموں شہر کو فوجی چھاونی میں تبدیل کیا گیا ہے جبکہ ایم اے اسٹیڈیم کے اردگرد علاقوں کو سیکورٹی فورسز نے پوری طرح سے سیل کرکے لوگوں کے چلنے پھرنے پر بھی پابندی عائد کی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اتوار کے روز ایس ایس جی کمانڈوز نے ایم اے اسٹیڈیم جموں کا دورہ کیا اوروہاں پر سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ذرائع نے بتایا کہ جموں صوبے میں چپے چپے پر سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے جبکہ مشکوک نظر آنے والے افراد کو بغیر چیکنگ کے آگے جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہیں۔دریں اثنا سری نگر میں بھی اتوار کی صبح سے ہی سیکورٹی فورسز نے مختلف علاقوں میں چیکنگ پوائنٹس قائم کئے جہاں پر نجی گاڑیوں کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ پائین شہر کے مختلف علاقوں میں سیکورٹی فورسز نے اہم چوراہوں اور گلی کوچوں میں ناکے لگا کر لوگوں کی باریک بینی سے تلاشی لی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نریندرمودی کے دورہ جموں کے پیش نظر سری نگر میں بھی سیکورٹی فورسز کو ہائی الرٹ پر رہنے کی تاکید کی گئی ہے تاکہ سماج دشمن عناصر کے منصوبوں کو خاک میں ملایا جاسکے۔