عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// تھنہ منڈی میں سابقہ پنچایتی نمائندگان نے کہا ہے کہ پی ایم اے وائی یا “پردھان منتری آواس یوجنا” اسکیم کے تحت بننے والے مکانات کیلئے مطلوبہ کاغذات اور تاریخ پیدائش سرٹیفکیٹ کے لئے مطلوبہ کاغذات کی فہرست اتنی لمبی ہے کہ کمزور و ناتواں افراد بالخصوص بزرگ مرد و خواتین کے لئے ان تمام کاغذات کی حصول یابی بہت مشکل مرحلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے غریب لوگوں سے ان دونوں کاموں کے لئے اتنے کاغذات مانگے جا رہے ہیں جتنے کے اے ایس کے امتحان کے لئے بھی نہیں مانگے جاتے۔ پنچایتی نمائندگان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی چنی ہوئی حکومت کا فرض بنتا تھا کہ وہ عوام کے دکھ درد کو سمجھتی اور ان کا ازالہ کرتی لیکن بدقسمتی سے ایسا نہیں ہو سکا اور نئی حکومت بننے کے باوجود عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گاؤں دیہات سے آنے والے بوڑھے مرد و خواتین کو 15 کو مطلوبہ کاغذات بنانے میں 10 سے 15 دن لگ جاتے ہیں تب بھی ان کا کام مشکل سے ہو رہا ہے۔جو کہ انتہائی افسوسناک بات ہے۔ پنچایتی نمائندگان نے کہا کہ نئی حکومت بننے پر عوام نے خوشی کا اظہار کیا تھا کہ اب ان کے کام آسان ہوں گے لیکن آسانی کے بجائے عوام کو سیاسی نمائندوں نے شدید مشکلات میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے تمام سیاسی نمائندوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام سے کئے ہوئے وعدوں کو وفا کریں اور لوگوں کے لئے آسانیاں پیدا کریں۔ انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تمام غریب لوگوں کے لیے سہولیات کے دروازے کھولے جائیں اور ان غریب لوگوں کی طرف خصوصی توجہ دی جائے تاکہ ان کو راحت مل سکے۔