جموں//حکام نے وزیر اعظم خصوصی سکالر شپ سکیم برائے جموں و کشمیر کے تحت سال 2018-19 تدریسی سیشن میں داخلے میں زیادہ سے زیادہ اُمیدواروں کی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے ورکشاپوں اور کونسلنگ سیمناروں کا ایک سلسلہ منعقد کرانے کا فیصلہ کیا ہے تا کہ اس عمل کی وسیع تشہیر ممکن ہو سکے ۔ مختلف سطحوں پر کئے جا رہے انتظامات کا اس حوالے سے اعلیٰ تعلیمی محکمے کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر اصغر سامون کی صدارت میں منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران جائیزہ لیا گیا ۔ 6 برس پہلے شروع کی گئی یہ فلیگ شپ سپیشل سکالر شپ سکیم ریاست میں اے آئی سی ٹی ای کے ذریعے سے عملائی جا رہی ہے جس کے ذریعے سے مستحق طلبا کو ملک کے مختلف کالجوں میں کئی مضامین میں داخلہ حاصل کرنے کا موقعہ ملتا ہے جس کا پورا خرچہ سرکار برداشت کرتی ہے ۔ ڈاکٹر سامون نے اے آئی سی ٹی ای اور دیگر محکموںسے کہا کہ وہ داخلے سے متعلق مختلف مراحل میں آسانی پیدا کرنے کیلئے باہمی تال میل کے ساتھ کام کریں ۔ انہوں نے مختلف مضامین میں دستیاب کورسوں کیلئے طلبا کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے پر زور دیا ۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ رواں سال کے دوران انجینئرنگ اور دیگر تکنیکی ڈگری کورسوں کیلئے 2830 نشستیں ، جنرل کورسوں کیلئے 2070 نشستیں جبکہ میڈیکل شعبے میں 100 نشستیں دستیاب ہیں اور یوں طلبا کیلئے کُل 5000 نشستیں دستیاب ہوں گی ۔ انہوں نے ایک ہزار ڈپلومہ انجینئروں کیلئے لیٹرل انٹری کا اہداف پورا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور بتایا گیا کہ پچھلے سال شروع کی گئی لیٹرل انٹری سکیم کے تحت 400 ڈپلومہ انجینئروں نے داخلہ حاصل کیا ہے انہوں نے اس سکیم کی موثر عمل آوری کیلئے اختراعی طرز عمل اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ میٹنگ کے دوران جانکاری دی گئی کہ اے آئی سی ٹی ای نے اگلے تعلیمی سیشن کیلئے تیاری کا عمل شروع کیا ہے اور اس ضمن میں دو ورکشاپ جموں اور سرینگر میں بالترتیب 22 دسمبر اور 24 دسمبر 2017 کو منعقد کئے جائیں گے ۔ دریں اثنا یہ بھی فیصلہ لیا گیا کہ نئی دہلی میں دس دسمبر 2017 ، پونہ میں 5 دسمبر ، بنگلور میں 17 دسمبر کے علاوہ چندی گڑھ میں 9 جنوری 2018 اور جے پور میں 12 جنوری 2018 کو طلبا کیلئے استفساری سیشنوں کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ریاست کے وزیر تعلیم اور ریاستی حکام وہاں کے کالجوں میں پہلے سے زیر تعلیم طلاب سے سیڈ بیک حاصل کریں گے ۔