جموں//خزانہ اور محنت و روزگار کے وزیر ڈاکٹر حسیب درابو نے ریاست میں پبلک سیکٹر انڈر ٹیکنگزکو از سر نو قائم کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے تا کہ وہ موجودہ ضروریات کو پورا کرنے کے اہل بنائے جاسکیں۔ان باتوں کا اظہار وزیر خزانہ نے مختلف پی ایس یوز کی میٹنگ کے دوران ان کی کارکردگی کا جائیزہ لینے کے دوران کیا۔ٹرانسپورٹ کے وزیر مملکت سُنیل شرما بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔میٹنگ میں سربراہاں/ نمائندے جے کے وومن ڈیولپمنٹ کارپوریشن، جے کے میڈیکل سپلائی کارپوریشن جموں، کشمیر انٹر پرنیور شِپ ڈیولپمنٹ انسٹی چیوٹ، جے کے سپورٹس کونسل، جے کے شیڈول کاسٹ/ شیڈول ٹرائب/ بیکورڈ کلاس ڈیولپمنٹ کارپوریشن، جے کے وول ڈیولپمنٹ بورڈ، جے کے کیبل کار کارپوریشن، جے کے سٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔میٹنگ کے دوران وزیر کو ان پی ایس یوز کی کارکردگی کی تفصیلات سے جانکاری دی گئی۔کارپوریشنوں کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر درابو نے کہا کہ موجودہ حالات سے باہر نکلنے کے لئے انہیں از سر نو قائم کرنے ، اُن میں نئی روح پھونکنے کی اشد ضرورت ہے۔ڈاکٹر درابو نے متعلقہ افسروں سے کہا کہ وہ موثر کاروباری ماڈل تیار کریں اور اپنے کارپوریشنوں میں مالی ضابطہ قائم کریں۔ جے کے ایس آر ٹی سی کی کارکردگی کا جائیزہ لیتے ہوئے وزیر کو کارپوریشن کی ریونیو کی حصولیابی، اخراجات، موجودہ مالی پوزیشن اور مجوزہ منصوبہ کے بارے میں جانکاری دی گئی۔کارپوریشن کی حقیقی مالی پوزیشن کی جانکاری کے لئے ڈاکٹر درابو نے آڈٹ کرانے کی ہدایت دی اور کارپوریشن کے اثاثوں کا حساب رکھنے کے لئے کہا۔ڈاکٹر درابو نے کہا کہ حکومت کارپوریشنوں کو دوبارہ زندہ کرنے کے لئے تمام امداد فراہم کرے گی جس میں مالی امداد بھی شامل ہے تا ہم انہوں نے کہا کہ مثبت نتائج حاصل کرنے کے لئے اضافی کوششیں عمل میں لانی ہوں گی جن کی بدولت پی ایس یوز صحیح سمت میں کام کرنا شروع کریں گی۔