دبئی/پاکستان سپر لیگ کے آغاز سے قبل ہی اس میں شامل دو غیر ملکی کھلاڑی کرس لِن اور شکیب الحسن زخمی ہو گئے ہیں۔بدھ کو لاہور قلندرز کی ٹیم میں شامل آسٹریلوی کھلاڑی کرس لِن آک لینڈ میں جاری سہ ملکی سیریز کے دوران نیوزی لینڈ کے خلاف فیلڈنگ کرتے ہوئے زخمی ہو گئے۔وہ ماضی میں بھی بائیں کندھے کی تکلیف کا شکار رہ چکے ہیں۔لاہور قلندر کے مینیجر ثمین رانا نے کرس لِن کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے مایوس کن خبر قرار دیا۔ان کا کہنا تھا ’ہم انھیں پی ایس ایل میں دیکھنا چاہتے تھے لیکن بدقسمتی سے وہ زخمی ہو گئے ہیں۔‘آسٹریلیا کے جارحانہ بلے باز کرس لِن کو لاہور قلندرز نے پلاٹینم کیٹگری میں حاصل کیا تھا۔27 سالہ کرس ِلن پہلی بار پاکستان سپر لیگ میں شامل کیے گئے تھے اور لاہور قلندر نے انھیں اس امید کے ساتھ حاصل کیا تھا کہ فخرزمان اور برینڈن مک کلم کے ساتھ ان کی جارحانہ بیٹنگ ٹیم کی قسمت بدل سکے گی۔کرس ِلن بگ بیش، آئی پی ایل اور کیربیئن لیگ بھی کا حصہ رہ چکے ہیں۔ انھوں نے گذشتہ سال آئی پی ایل میں کولکتہ نائٹ رایئڈرز کی نمائندگی کی اور پہلے ہی میچ میں ناقابل شکست 93 رنز بنائے تھے۔وہ سنہ 2015 میں بگ بیش میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین تھے تاہم حالیہ بگ بیش مقابلوں میں وہ پانچ میچوں میں صرف ایک نصف سنچری سکور کر پائے تھے۔پی ایس ایل کی جس دوسری ٹیم کو غیر ملکی کھلاڑی سے ہاتھ دھونا پڑا وہ پشاور زلمی ہے۔پشاور زلمی میں شامل بنگلہ دیشی کھلاڑی شکیب الحسن بھی زخمی ہو گئے ہیں۔ پی ایس ایل کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کے مطابق شکیب الحسن کے ہاتھ میں چوٹ لگی ہے جس کی وجہ سے وہ دستیاب نہیں ہیں۔اس کے علاوہ بنگلہ دیش کی بین الاقوامی مصروفیات کی وجہ سے تمیم اقبال اور شکیب الحسن اس مرتبہ صرف چار میچوں کے لیے ہی دستیاب تھے۔شکیب کی جگہ ایک اور بنگلہ دیشی کھلاڑی صابر رحمان کو پشاور زلمی کے سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔پشاور زلمی کو اس سے قبل ٹورنامنٹ کے ابتدائی میچوں میں حسن علی کی خدمات سے بھی محرومی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔حسن علی گذشتہ ماہ پاکستانی کی قومی کرکٹ ٹیم کے نیوزی لینڈ کے دورے کے دوران ٹخنے میں تکلیف کا شکار ہوئے تھے اور تاحال مکمل طور پر صحتیاب نہیں ہو سکے ہیں۔ممکنہ طور پر وہ ابتدائی چند میچوں میں پشاور زلمی کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے۔پی ایس ایل 3 کا آغاز 22 فروری سے ہورہا ہے اور پہلے ہی دن پشاور زلمی ایونٹ میں پہلی مرتبہ شرکت کرنے والی ملتان سلطانز کی ٹیم کے خلاف میدان میں اترے گی۔