کراچی/ پاکستان سپر لیگ کا آخری معرکہ پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان آج نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہو گا جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔کراچی میں 9 سال بعد کرکٹ میں واپسی پر شہر بھر میں ہے میلے کا سا سماں ہے اور ہر کوئی پی ایس ایل فائنل کے جنون میں مبتلا ہے۔شہر کی مختلف شاہراہوں پر کھلاڑیوں کی تصاویر آویزاں کی گئی ہیں جبکہ فائنل کے لیے نیشنل اسٹیڈیم تیار ہو چکا، ہر اسٹینڈ میں صفائی ستھرائی کردی گئی ہے۔شائقین کے بیٹھنے کے لیے کرسیاں بھی لگ گئیں اور وی آئی پیز کیلیے ریڈ کارپٹ بھی بچھ گیا، صاف اور ٹھنڈا پانی مہیا کرنے کیلیے 40 الیکٹرک کولر بھی اسٹیڈیم پہنچا دیئے گئے۔براڈ کاسٹر کا عملہ میچ کو دنیا بھر میں براہ راست دکھانے کیلئے دن رات تیاریوں میں مصروف ہے۔اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کی ٹیمیں اسٹیڈیم پہنچ چکی ہیں جہاں دونوں ٹیمیں پریکٹس کریں گی جب کہ آج پی ایس ایل ٹرافی کی تقریب رونمائی بھی ہوگی جس دوران دونوں ٹیموں کے کپتان ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوائیں گے۔اسٹیڈیم کے چاروں طرف 80 کیمرے لگا دیئے گئے ہیں جنہیں 20 ایل سی ڈیز پر مانیٹر کیا جائے گا۔شائقین کو اسٹیڈیم تک پہنچانے کے لیے شٹل سروس بھی 12 بجے شروع ہوگی جس کے ذریعے لوگوں کو اسٹیڈیم کے قریب پہنچایا جائے گا، بسیں جہاں اتاریں گی وہاں سیپیدل اسٹیڈیم جاناہوگا۔پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے نیشنل اسٹیڈیم کا کنٹرول سنبھال لیا، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور سراغ رساں کتوں کے ذریعے اسٹیڈیم کی تلاشی لینے کے بعد اسے کلیئر قرار دے دیا گیا ہے۔فائنل مقابلے کے لئے نیشنل اسٹیڈیم میں کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہے۔پی ایس ایل فائنل کے لیے نیشنل اسٹیڈیم کے اردگرد سخت سکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔نیشنل اسٹیڈیم کے اندر اور باہر 80 کیمروں کی مدد سے نگرانی کا نظام قائم کیا گیا ہے جس کے لئے کنٹرول روم قائم کرتے ہوئے 20 ایل سی ڈیز نصب کردی گئی ہیں۔انچارج کنٹرول روم کے مطابق کیمروں کی مدد سے اسٹیڈیم کے اندر اور باہر کی نقل و حرکت کا جائزہ لیا جائے گا اور اسٹیڈیم سے متصل سڑک پر چلنے والی گاڑیوں کے نمبر بھی کیمروں کی رینج میں ہوں گے۔سابق کپتان رمیز راجا کا کہنا ہے کہ ہم پی ایس ایل کے ذریعے دْنیا کو بتائیں کہ پورا پاکستان محفوظ ہے۔انہوں نے کہا کہ اب سارا سال ہی کرکٹ ہورہی ہے، لیگز کھیلی جارہی ہیں، کرکٹ کا کوئی سیزن نہیں رہا تاہم اس کی وجہ سے کرکٹرز انجریز کا شکار ہوجاتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کرکٹ میچز کیدرمیان وقفہ دیناچاہیے، ان کے نہ ہونے سے کھلاڑیوں کو فٹ ہونے میں وقت لگتا ہے۔اس موقع پر سکندر بخت نے کہا کہ پاکستانی کرکٹرز کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنی چاہیے تاکہ وہ فٹ رہ سکیں۔