محمد تسکین
بانہال //جموں سرینگر قومی شاہراہ پر واقع پیڑاہ رام بن کے قریب ایک پیٹرول ٹینکر کا اگلا پہیہ پھٹ جانے کے نتیجے میں ٹینکرڈرائیور کی موت موقع پر ہی واقع ہو گئی ہے۔ یہ واقعہ منگل کی دوپہر پیش آیا اور ایندھن بردار ٹینکر وادی کشمیر کی طرف آریا تھا۔پولیس نے اس دلدوز حادثے میں ہلاک ہوئے ڈرائیور کی شناخت ششی پال ولد جگتو ساکنہ نورپور کانگڑہ ہماچل پردیش کے طور پر کی ہے اور اس کی عمر تقریباً 50 سال بتائی جاتی ہے۔ایس ایچ او چندر کوٹ پدم دیو نے بتایا کہ ٹینکر کا اگلا پہیہ گرم تھا اور ٹائیر کی جانچ کرنے کرنے کیلئے ڈرائیور نے ٹینکر کو سڑک کے کنارے کھڑا کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ بعد میں ڈرائیور اور کنڈکٹر دونوں نے ٹینکر کے ٹائر بدلنا شروع کر دیا اور کنڈیکٹر گاڑی کے نیچے جیک فٹ کر رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اچانک ٹینکر کا اگلا پہیہ پھٹ گیا اور دھماکے سے وہاں کھڑا ڈرائیور شدید زخمی ہو کر موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹینکر کے پہئے کے لوہے کے رم نے ڈرائیور کو شدید زخمی کر دیا جس کی وجہ سے اس کی موقع پر ہی موت ہوگئی اور دھماکے کی شدت سے وہ دور جاگرا اور ٹانگیں بھی کٹ گئیں۔ پولیس نے کہا کہ ششی پال کی لاش کو قانونی کارروائی کے بعد بھیجا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں پولیس سٹیشن چندرکوٹ میں ایک کیس درج کیا گیا ہے۔ اس دوران شاہراہ پر واقع ناچلانہ کے مقام شری امرناتھ یاترا سے واپس ارہی ایک بس سڑک سے اتر کر شاہراہ کی پچھلی نالی میں اتر گئی تاہم اس حادثے میں تمام مسافر بغیر کسی چوٹ کے بچ نکلے۔ بعد میں ٹریفک پولیس اور پولیس نے بس کو اس نالی سے واپس چڑھا کر اسے جموں کی طرف روانہ کر دیا۔