راجوری// جموں کشمیر پیپلز مومنٹ نے مطالبہ کیا ہے کہ کشمیر کی مزاحمتی قیادت کو رہاکر کے کے انہیں پر امن سیاسی سرگرمیاں انجام دینے کا موقعہ فراہم کیا جائے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور پیپلز مومنٹ کے چیئر مین میر شاہد سلیم نے اخبارات کے نام جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ متنازعہ ریاست میں انتخابات کے نام سے رچایا جا رہا ڈرامہ محض ایک ملٹری مشق بن کے رہ گئی ہے جہاں پوری آبادی کو محصور بنا کر رکھ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سینکڑوں نہیں بلکہ ہزاروں سیاسی کارکنان اور عام شہریوں کو نظر بند کر کے اور جیلوں میں ڈال کر دراصل حکومت انتخابی ڈرامہ رچا کر عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ8 لاکھ فوج اورنیم فوجی دستوں کی موجودگی میں کس طرح اور کیوں کر آزادانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بھارت نے انتخابات کے نام پر کشمیری عوام کے خلاف ظلم و زیادتی اور جبرو استبداد کا بازار گرم کر رکھا ہے اور پوری وادی کو ایک بڑے جیل خانے میں تبدیل کر دیا ہے۔حریت رہنما نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ جموں کشمیر میں ہو رہی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔