عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈلوم ڈیپارٹمنٹ کشمیر نے کل رجسٹرڈ کاریگروں پر زور دیا کہ وہ پردھان منتری کوشل وِکاس یوجنا (پی ایم کے وِی وائی) 4.0 کے تحت ہنر کی اَپ گریڈیشن کے لئے تربیت کا اِنتخاب کریں۔محکمہ کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ پی ایم کے وائی 4.0 کے تحت چاردستکاریوں کا اِنتخاب کیا گیا ہے جس کے تحت کاریگروں کو جموں و کشمیر کے مشہور دستکاری اور ہینڈلوم سیکٹر کو مزید فروغ دینے کے لئے ان کی روزگار کی صلاحیتوں کو بڑھانے کی تربیت دی جائے گی۔ ان دستکاریوں میں پیپر ماشی، تانبے کے برتن ، زری اور پتھر کی نقش و نگار شامل ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس کے علاوہ فروخت کو بڑھانے کے لئے کاریگروں کو مرچنڈائزنگ میں بھی حساس بنایا جائے گا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ پہلی قسط میں 650 کاریگروں کو تربیت دی جائے گی اور وظیفہ فراہم کیا جائے گا۔ترجمان نے کاریگروں کی مہارتوںاور کاروباری فراست کو بڑھانے کی ضرورت کو اُجاگر کرتے ہوئے دلچسپی رکھنے والے کاریگروں کو مشورہ دیا کہ وہ کرافٹ ڈیولپمنٹ اِنسٹی چیوٹ باغ علی مردان خان نوشہرہ سری نگر کے کوآرڈی نیٹر سے رجسٹریشن کے لیے رابطہ کریں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ سی ڈِی آئی سری نگر میں چارکورسز دیئے جائیں گے جبکہ ضلع پلوامہ میں سٹون کرافٹ کے لئے اِی ڈی آئی پانپورمیں ایک پروگرام کا اِنعقاد کیا جائے گا۔سی ڈی آئی میں رجسٹریشن کی وصولی کی آخری تاریخ 31 ؍دسمبر ہوگی۔ ترجمان نے مزید کہاکہ پی ایم کے وائی 4.0 ٹریننگ میں 60 گھنٹے کے لیکچرز اور 12 گھنٹے کی ایڈوانس سکل ٹریننگ شامل ہوگی جو 12 دنوں پر محیط ہے۔