سرینگر//سرینگر کے پیٹرول پمپوں پر تیل کی مقدار اور معیار کی جانچ اور اس حوالے سے صارفین کے حقوق کی آگاہی کیلئے بھارت پیٹرولیم نے شہر کے ایک پیٹرول پمپ پر جانکاری مہم شروع کی۔ اتر پردیش کے پیٹرول پمپوں میں ”چیپ“ نصب کر کے صارفین کو ٹھگنے کے معاملات سامنے آنے کے بعد بھارت پیٹرولیم کی طرف سے وادی میں صارفین کیلئے ایک مہم شروع کی گئی جس کے دوران انہیں اپنے حقوق کی جانکاری فرہم کی جا رہی ہے۔شہر کے مولانا آزاد روڑ پر قائم ایک پیٹرول پمپ پر اس قسم کی ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں لیگل میٹرلوجی محکمہ کے جوائنٹ کنٹرولر امر سنگھ ،ڈپٹی کنٹرولر تنویر حسین،بھارت پیٹرولیم کے ائریاسیلز منیجر راجیشن شرما،سیلز آفیسر رضوان احمد کے علاوہ دیگر لوگ بھی موجود تھے۔اس موقعہ پر راجیش شرما نے بتایا کہ عوام کو تیل کی مقدار اور معیار کوجانچنے کے پورے حقوق حاصل ہیں اور صارفین از خود پیٹرول پمپوں پر ہی تیل کی جانچ کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے جانکاری کیمپوں کو منعقد کرنے کا مقصد صارفین کو آگاہی فراہم کرنا ہے۔اس موقعہ پر سیلز افسر رضوان احمد نے پاﺅر پوائنٹ پرزنٹیشن پیش کی جس میں کہا گیا کہ بھارت پیٹرولیم کے تمام پمپ آٹو میٹیڈ ہیں ،اس لئے وہاں پر صارفین کو ٹھگنے کی کوئی گنجائش موجود نہیں ہے۔انہوںنے موقعہ پر ہی دکھایا کہ کس طرح پیٹرول پمپوں پر موقعہ پر ہی تیل کا معیار اور اس کی مقدار کی جانچ کی جاسکتی ہے۔ لیگل میٹرلوجی محکمہ کے جوائنٹ کنٹرولر امر سنگھ نے بتایا کہ اتر پردیش میں چپ کا معاملہ سامنے آنے کے بعد محکمہ نے شہر اور اسکے مضافاتی علاقوں میں14پیٹرول پمپوں کا معاینہ کیا تاہم اس دوران کوئی بھی ایسا معاملہ سامنے نہیں آیا۔انہوں نے صارفین سے اپیل کی کہ وہ پیٹرول پمپوںپر تیل حاصل کرنے کے بعد ہمیشہ رسید حاصل کریں۔