کپوارہ//سرحدی تحصیل ہندوارہ کے راجپورہ میں لوگو ں نے پینے کے پانی کی عدم دستیابی پر احتجاج کرتے ہوئے راجواڑ ہندوارہ سڑک پر دھرنا دیکر گا ڑیو ں کی نقل و حمل روک دی۔ پیر کی صبح راجپورہ اور اس کے مضافاتی دیہات کے لوگوں نے ستہ کوچی ہندوارہ سڑک پر احتجاج کیا ۔دھرنا میںخواتین کی ایک بڑی تعداد شامل تھی۔انہو ں نے کہا کہ راجپورہ علاقہ پینے کے پانی سے محروم ہے اور لوگ پینے کے صاف پانی کی ایک ایک بوند کے لئے ترس رہے ہیں۔ احتجاجی خواتین نے خالی مٹکے سڑک پر رکھ کر احتجاجی دھرنا دیا ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ راجپورہ میں لوگو ں کو طرح طرح کے مشکلات کا سامنا ہے تاہم پینے کے صاف پانی کا معاملہ انتہائی اہم ہے۔انہو ں نے کہا کہ لوگوں کو ندی نالو ں کا گندہ پانی استعمال کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ راجپورہ کے سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم بچے بھی پینے کے پانی سے سخت پریشان ہیں ۔اس دوران آہگام راجواڑ کے لوگو ں نے بھی پینے کے پانی کے حوالے سے بتا یا کہ اس علاقہ میں پینے کا پانی نایاب ہے اور محکمہ نے پانی فراہم کر نے کا کوئی انتظام نہیںکیا ہے ۔