کپوارہ+بانڈی پورہ//پینے کے پانی کی عدم دستیابی کے خلاف ترہگام کپوارہ اور بانڈی پورہ میں لوگو ں نے محکمہ پی ایچ ای کے خلاف احتجاج کیا ۔جمعرات کو ترہگام کے بونہ پورہ ،ودھیا نگر اور دیگر بستیوں کے لوگ ترہگام چوک میں جمع ہوئے اور کپوارہ کرالہ پورہ سڑک پر دھرنا دیکر محکمہ پی ایچ ای کے خلاف احتجاج کیا ۔مقامی آ بادی نے الزام لگایا کہ انہیں پینے کا صاف پانی فراہم نہیں کیا جاتا ہے جبکہ کئی روز قبل سرکار نے یہاں کے چشمے کی شان رفتہ بحال کرنے کے لئے کام شروع کیا ۔ مظاہرین نے الزام لگایا کہ ترہگام کے ودھیا نگر ،بنہ پورہ اور دیگر بستیو ں کو پانی فراہم کرنے والی پائپوں کو نامعلوم وجوہات کی بناءپر بار بار بند کیا جاتا ہے جس کے نتیجے میں پانی کی سپلائی رک جاتی ہے اور لوگ پینے کے پانی کی ایک ایک بوند کے لئے ترستے ہیں ۔ احتجاجی مظاہرے کے دوران کپوارہ کرالہ پورہ سڑک پر گا ڑیو ں کی آ مد ورفت کئی گھنٹوں تک معطل ہو کر رہ گئی ۔معاملہ کو حل کرنے کے سلسلے میں تحصیلدار ترہگام غلام محی الدین میر اور ایس ایچ او ترہگام پر ویز احمد پہنچ گئے اور مظاہرین کو یقین دلایا کہ ان کو پینے کا پانی بلا خلل فراہم کیا جائے گا ۔اس دوران معلوم ہوا ہے کہ محکمہ پی ایچ ای ہندوارہ ڈویژن مےں افرادی قوت کی کمی کے نتیجے میں18دیہات مےں پانی کی سپلائی کا نظام درہم برہم ہو گےا ہے اورلوگوں کو شدےد مشکلات کا سا منا ہے۔ ڈویژن میںپانی کی سپلائی نظام میں ایک درجن سے زائد دیہات کے لئے محض 5ملازمےن کو تعینات ہیں جو دن بھر 18دیہات مےں پانی کی تقسےم کاری کی دےکھ رےکھ نہےں کر پاتے ہیں۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے جب کبھی بھی ان علاقوں میں پانی کی سپلائی کرنے والی پایپو ں میں نقص پیدا ہو تا ہے تو عملہ کی کمی کی وجہ سے کئی روز تک پانی کی سپلائی متاثر رہتی ہے اور بعد میں ان ملازمین کے ساتھ رابطہ کر کے ان پایپو ں کو ٹھیک کیا جاتا ہے۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ ان علاقوں کے لئے کم سے کم ایک درجن کے قریب ملازمین تعینات ہونے چاہئیں تاکہ ان دیہات کو پانی سپلائی کرنے میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔لوگو ں نے مطالبہ کیا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ ان دیہات کے لئے فوری طور عملہ کی تعیناتی عمل میں لائیں تاکہ یہا ں کے لوگ بھی بلا خلل پینے کا پانی حاصل کر سکیں ۔اس دوران بانڈی پورہ میں کئی علاقوں میں پانی کی عدم دستیابی کے خلاف لوگوں نے احتجاجی دھرنا دیا۔ وٹہ پورہ کلوسہ، آخون محلہ کلوسہ، ناتھ پورہ ، نوپورہ ،آجر ،آرم پورہ، شیخ محلہ بانڈی پورہ اور نسو جامع قدیم سمیت کئی علاقوں کے مردوزن نے گھروں سے باہر نکل پی ایچ ای اوربجلی محکموں کے خلاف احتجاج کیا۔مظاہرین نے شاہراہ پر ٹائر جلا کر اور رکاوٹیں کھڑی کرکے دھرنا دیا۔مظاہرین نے ٹریفک کی نقل و حرکت روک کر سرکار کے خلاف بھی نعرے بازی کی۔مظاہرین نے بتایا کہ بانڈی پورہ قصبہ اور ملحقہ بستیوں میں تین دن سے مسلسل پینے کے پانی کی قلت ہے اور لوگ پانی کی بوند بوندکیلئے ترس رہے ہیں۔اس ضمن میں ایگزیکٹیوانجینئر غلام احمد بٹ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پانار گجر بستی کے مقام پر کچھ لوگوں نے مین سپلائی لائن کاٹ دی ہے اور محکمہ پی ایچ ای کے ملازمین کا زدکوب کرکے محکمہ کے ملازمین کے خلاف ہی کیس درج کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ے اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر پی ایچ ای پولیس کے ساتھ وہاں پہنچ گئے ہیں اور پانی کی سپلائی بحال ہورہی ہے۔