بانہال// بانہال قاضی گنڈ ریلوے ٹنل کے دوسری طرف ہلڑ شاہ آباد کے قریب پینے کے پانی کی فراہمی کا مطالبہ کرنے والے لوگوں نے ریلوے ٹریک پر دھرنا دے کر ریل سروس کو کم از کم دو گھنٹوں تک معطل کردیا۔ لوگوں کے دھرنے کے دوران محو سفر ایک ریل گاڑی کو دھرنے کے مقام سے واپس قاضی گنڈ لے جایا گیااور بارہمولہ ، بڈگام ، سرینگر ، اننت ناگ ، قاضی گنڈ اور بانہال کے ریلوے سٹیشن پر سینکڑوں لوگ تین گھنٹوں تک درماند ہ ہوکر رہ گئے۔ریلوے حکام نے آج شام کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گیارہ کلومیٹر طویل بانہال قاضی گنڈ ریلوے ٹنل کے کشمیرسرے پر واقع ریلوے سٹیشن ہلڑ شاہ اباد قاضی گنڈ کے نزدیک پینے کے پانی کی فراہمی کا مطالبہ کرنے والے احتجاجی مطاہرین نے اپنے مطالبات کو منوانے کیلئے ریلوے ٹریک پر دھرنا دیا جس کی وجہ سے ریل سروس دو گھنٹوں تک معطل ہوکر رہ گئی اور بانہال کی طرف آنے والی ریل گاڑی کو قاضی گنڈ ریلوے سٹیشن سے آگے بڑھنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران سینکڑوں مسافر ریلوے سٹیشن بانہال پر درماندہ رہے اور بعد میں انتظامیہ اور احتجاجیوں کے درمیان افہام و تفہیم کے بعد ریل سروس کو بحال کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ گیارہ گیارہ ریل گاڑیاں بانہال اور وادی کشمیر کے بڈگام اور بارہمولہ کے درمیان چلائی جاتی ہیں لہذا اس سے ریل ٹریفک پر کوئی اثر نہیں پڑا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد ریل سروس کو معمول کی طرح بحال کیا گیا۔