کپوارہ//دردسن کرالہ پورہ کے لوگو ں نے اتوار کو کرالہ پورہ گزریال سڑک پر آکر محکمہ پی ایچ ای کے خلاف زور دار احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے کہا کہ محکمہ یہا ں کی کثیر آ بادی کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے میں پوری طرح ناکام ہو چکا ہے ۔اتوار کی صبح کو دردسن کے پائر محلہ کے مردو زن نے کرالہ پورہ گزریال سڑک پر نکل کر احتجاج کیا جس دوران گا ڑیوں کی نقل و حمل کئی گھنٹوں تک متاثر رہی ۔احتجاج میں شامل لوگو ں نے کہا کہ زون ریشی واٹر سپلائی سکیم کے تحت پورے علاقہ کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جاتا ہے لیکن دردسن کا پائر محلہ پینے کے پانی سے محروم ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ اس محلہ کو بھی واٹر سپلائی سکیم سے جو ڑ دیا گیا لیکن نا معلوم وجو ہات کی بناء پر بستی کو پینے کا پانی فراہم نہیں کیا جاتا ہے ۔مظاہرین نے کہا کہ چلہ کلان کی سخت سردیو ں میں بھی خواتین کو ندی نالو ں سے گندہ پانی حاصل کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ پینے کا پانی فراہم کرنے کے لئے فوری طوراقدامات کئے جائیں۔