سوپور/ / بارہمولہ ضلع کے نائوپورہ جاگیر علاقے سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں لوگوں نے سنیچر کو پانی کی عدم دستیابی کو لیکر محکمہ پی ایچ ای کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔احتجاجی مظاہرین نے سوپور واگورہ سڑک پرکئی گھنٹوں تک ٹریفک کی نقل و حرکت روک دی اور پانی کی سپلائی کی مانگ کی ۔مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ علاقے میں پچھلے 20دنوں سے پینے کا صاف پانی دستیاب نہیں ہے۔معراج الدین نامی ایک شہری نے بتایا کہ علاقے میں پانی کی کمی کی وجہ سے خواتین کو کئی کلو میٹر دور جانا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نزدیکی گائوں میں قائم شراکوارہ واٹرسپلائی سکیم پورے سوپور قصبے کو پانی فراہم کرنے کیلئے کافی نہیں ہے ۔ گلشن بیگم نامی ایک خاتون نے بتایا کہ یہ افسوس کا مقام ہے کہ جدید دور میں بھی لوگوں کو پینے کے صاف پانی جیسی سہولت سے محروم رکھا گیا ہے۔ اس موقع پر ایس ڈی پی او کریری اور ایس ایچ او کریری نے موقعہ پر پہنچ کر لوگوں کو یقین دلایا کہ انکی مانگوں کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی ۔