پیلٹ کے قہر نے شوپیان میں پھر دستک دی

Kashmir Uzma News Desk
4 Min Read
سرینگر//سیدھو شوپیان کی ا نشاء مشتاق کی دونوں آنکھوں کی بینائی چھین لینے کے بعد پیلٹ کے قہر نے شوپیان پر پھر دستک دی ہے۔اس بارساحل حمید اُن 73نوجوانوں کی فہرست میں شامل ہوگیا ہے جو  پیلٹ لگنے کی وجہ سے دونوں آنکھوں کی بینائی سے محروم ہو نے ہوئے ہیں۔12ویں جماعت کے 17سالہ طالب علم ساحل حمید ساکن بونہ بازار شوپیان کونزدیک چلڈرن پارک سی آر پی ایف اہلکاروں نے پیلٹ کا نشانہ بنا یاجو سیدھے انکے جسم میں جالگا جس کے نتیجے میں اسکی دونوں آنکھیں چھروں سے مضروب ہوگئیں اور ساحل دونوں آنکھوں کی بینائی سے محروم ہونے کی دہلیز پر پہنچ گیا ہے۔ صدر اسپتال میں پچھلے سال9جولائی 2016کو شروع ہوئے پیلٹ کے قہر نے ابھی کشمیریوں کا پیچھا نہیں چھوڑا ہے اور 9جولائی 2016سے لیکر ابتک 73نوجوان دونوں آنکھوں کی بینائی سے محروم ہوگئے ہیں جن میں اتوار اور سوموار کی شام 17سالہ طالب علم ساحل حمید کا نام بھی شامل ہوگیا ہے۔ ساحل حمید نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اتوار کی شام جب فورسز اہلکار آونیورہ آپریشن ختم کرکے آرہے تھے  تو آونیوری سے شوپیان تک ہر جگہ انہوں نے ہوائی فائرنگ کی اور پیلٹ چلائے۔ سفید جپسی میں سوار سی آر پی ایف اہلکاروں نے اسے بھی نشانہ بنایا‘‘ ۔ساحل حمید نے بتایا ’’ ہم چلڈرن پارک سے گھر کی جانب جارہے تھے تو سی آر پی ایف کی گاڑیاں وہاں سے گزررہی تھیں،سڑک پر چند نوجوان  کھڑے تھے‘‘۔ ساحل نے مزید بات کرتے ہوئے کہا ’’ جوں ہی دوسری جپسی گزری تو انہوں نے بغیر کسی اشتعال کے پیلٹ چلائے جس کی زد میں آکرمیرے ساتھ ظہر احمد نائکوبھی زخمی ہوگئے۔ ساحل  نے بتایا کہ آنکھوں میں پیلٹ لگتے ہی میں بے ہوش ہوگیا اور ہوش میں آکر خود کو صدر اسپتال کے بستر پر پایا۔ ساحل کے والد عبدالحمید بٹ نے بتایا کہ میں اس اسپتال میں برابر 9سال بعد آیا ہوں۔‘‘ عبدالحمید نے کہا کہ سال 2008میں نے یہی اپنی اہلیہ کو کھویا تھا اور اسکی موت بھی صدر اسپتال میں ہی ہوئی تھی اور آج پھر سے  صدر اسپتال کے وارڈ 8کے بستر پر میرا بیٹا لیٹا ہوا ہے۔ عبدالحمید نے کہا کہ  میرے تین بچے ہیں اور تینوں بچوں کو میں محنت مزدوری کرکے پڑھارہا تھا مگر آج میرا لخت جگر جرم بے گنائی کی پاداش میں اسپتال کے بستر پر لیٹا  ہواہے۔ عبدالحمید نے بتایا کہ ساحل اپنے دوسرے دوستوں کی طرح پارک کے نزدیک نشانہ بنایا گیا۔ ساحل حمید کی دونوں آنکھوں ،چہرے اور چھاتی پر پیلٹ لگے ہیں ۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اسکی دونوں آنکھیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ شعبہ امراض چشم کے سربراہ ڈاکٹر طارق قریشی نے بتایا کہ اسکی دونوں آنکھیں براہ راست پیلٹ لگنے سے بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ قریشی نے کہا کہ ابتدائی جراحی انجام دی گئی ہے تاہم دونوں آنکھوں کو چھروں نے زبردست نقصان پہنچایا ہے ۔  انہوں نے کہا کہ ساحل حمید سمیت کل 73افراد دنوں آنکھوں کی بینائی سے محروم ہوگئے ہیں جن میں 65سال 2016 اورامسال 8نوجوان آنکھوں کی بینائی سے محروم ہوگئے ہیں۔ 
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *