سرینگر// 2016 کے نامساعد حالات کے دوران پیلٹ لگنے سے دونوں آنکھوں کی بصارت کھونے والے8نوجوانوں میں اسوقت 2 نوجوان اپنی زندگی کا پھر سے آغاز کرنے کیلئے حیدرآباد کے دیونار بلائنڈ سکول میںکمپیوٹر کی تربیت حاصل کر رہے ہیں جبکہ 2ابھی زیر علاج ہیں۔ پیلٹ لگنے سے دونوں آنکھوں کی بینائی کھونے والے8 نوجوانوں میں سے 4 اسوقت حیدرآباد کے آنکھوں کے اسپتال میں زیر علاج ہیں جن میں دانش رجب ولد محمد رجب ساکن رعناواری سرینگر، محمد سلیم ملک ولد غلام محمد ملک ساکن کرالہ پورہ کپوارہ، فردوس احمد ڈار ولد گلزار احمد ڈار ساکن ماز بگ سوپور اور ارشد احمد ملک ولد غلام رسول ملک ساکن شوپیاں شامل ہیں۔ ان چاروں کو رضاکار تنظیم ہیلپ فائونڈیشن نے علاج و معالجے کیلئے حیدرآباد منتقل کردیا ہے۔ فردوس احمدڈار نے بتایا کہ مذکورہ رضاکار تنظیم کی طرف سے حیدرآباد کے دیونار بلائنڈ سکول میںکمپیوٹر کی تربیت دی جارہی ہے تاکہ وہ خود کیلئے روز گار کا ذریعہ تلاش کرسکیں۔ فردوس احمد نے بتایا ’’ یہاں آنے والے بینائی سے محروم چار افراد میں محمد سلیم ملک اور مجھے کمپوٹر کی تربیت دی جارہی ہے۔ فردوس احمد نے بتایا کہ اس کمپیوٹر کی یہ خاصیت ہے کہ ہم جو بھی لکھتے ہیں وہ آواز کی صورت میں ہمیں سنایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سکول کے ماہرین انہیں تربیت دینے میں زبردست محنت کررہے ہیںجبکہ ایک ماہ کا یہ تربیتی کورس یکم اپریل کو اختتام پذیر ہوگا۔ اس ضمن میں بات کرتے ہوئے چیرپرسن ہیلپ فائونڈیشن نگہت شفیع نے کہا ’’ یہ وہ چار نوجوان ہیں جو تربیت حاصل کرنے کیلئے بیرون ریاست جاننے کو تیار ہوئے تاہم ابھی سرینگر سمیت وادی کے دیگر اضلاع میں پیلٹ لگنے سے بینائی کھونے والے افراد کی اصل تعداد کا پتہ لگانے کیلئے سروے کی جارہی ہے‘‘۔ نگہت شفیع نے کہا ’’ بیرون ریاستوں کے ماہرین پیلٹ متاثرین کی تربیت کیلئے وادی آنے کو تیار ہوگئے ہیں اور اپریل مہینے کے آخری ایام میں دلی سے ماہرین کا ایک گروپ کشمیر آرہا ہے جو پیلٹ سے متاثرہ نوجوانوں کی تربیت کیلئے کام کرے گا ۔ انہوں نے کہا ’’ یہ تربیت سرینگر میں دی جائے گی اور تربیت کے بعد متاثرہ نوجوانوںکیلئے روزگار فراہم کرنے کیلئے وسائل تلاش کئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ سال 2016کے نامساعد حالات کے دوران 1008نوجوانوں کی آنکھیں پیلٹ لگنے سے متاثر ہوئیں جن میں 60نوجوانوں کی دونوں آنکھوں میں پیلٹ لگے تھے جن میں8کی دونوں آنکھوں کی بینائی مکمل طور پر چلی گئی ہے جبکہ 200افراد ایک آنکھ کی بینائی سے محروم ہوگئے ہیں۔