پیلٹ سے متعلق ایمنسٹی کی رپورٹ

Kashmir Uzma News Desk
5 Min Read
سرینگر//حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی  نے ایمنسٹی انٹر نیشنل کی طرف سے نیم فوجی دستوں، سی آر پی ایف اور پولیس ٹاسک فورس کے ہاتھوں پُرامن عوامی احتجاجی جلسوں کو روکنے کے لیے پیلٹ گن اور دیگر مہلک ہتھیار استعمال کرنے پر پابندی عائد کرنے کے مطالبے کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے جن لوگوں کے خلاف آنکھوں کی بینائی سے محروم کرنے، معذور بنانے اور قتل وغارت گری کی کارروائیوں کو روا رکھا جارہا ہے ان کا واحد قصور یہ ہے کہ وہ پچھلے ستھربرسوں سے حقِ خودارادیت کا مطالبہ کرتے آئے ہیں۔ بزرگ راہنا نے کہا ایمنسٹی انٹرنیشنل کی طرف سے پیش کردہ رپورٹ کو بھارت کے اربابِ اقتدار اور ریاست کے حکمران جماعتوں کیلئے چشم کُشا ہونا چاہیے۔ بزرگ رہنما نے ریاست کی مقامی انسانی حقوق کی رضاکار تنظیموں سے اُمید ظاہر کی کہ وہ یہاں کے قابض حکمرانوں، مسلح افواج اور نیم فوجی دستوں کی طرف سے جملہ انسانی حقوق کی پامالیوں کا ریکارڈ شفافیت کے ساتھ جمع کرکے بیرون ریاست کی انسان دوست شخصیات اور مقتدر عالمی اداروں تک پہنچانے کا فریضہ انجام دیں، تاکہ بیرون دنیا کے لوگوں کو بھارت کے زیرِ تسلط جموں کشمیر کے عوام کے ساتھ ہورہی ناانصافیوں اور رونگھٹے کھڑا کرنے والے مظالم سے واقفیت حاصل کرکے ہماری اخلاقی حمایت کرنے پر راغب کیا جاسکے۔ حریت رہنما نے بھارت کی قومی تحقیقاتی ایجنسی NIAکی دہلی عدالت کی طرف سے سینئر حریت پسند راہنما شبیر احمد شاہ اور محمد اسلم وانی کے خلاف مزید دو ہفتوں کے لیے ریمانڈ حاصل کرنے اور بار ایسوسیشن کشمیر کے صدر ایڈوکیٹ میاں عبدالقیوم کو بار بار دہلی کے دفتر پر پیش ہونے کی مذمت کی ہے۔
 

پابندی لگائی جائے،عالمی ادارے اپنا رول ادا کریں:حریت

نیوز ڈیسک
 
سرینگر //حریت (ع )نے پیلٹ گن کی قہر انگیزیوں سے متعلق ایمنسٹی انٹر نیشنل کی رپورٹ کو حقائق پر مبنی قرار دیتے ہوئے انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ اس مہلک اور انسان کش ہتھیار پر مکمل پابندی کو یقینی بنانے میں اپنا موثررول ادا کریں۔ حریت کی ایگزیکٹیو کونسل کا اجلاس  چیئرمین میرواعظ عمر فاروق کی صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس میںحقوق بشر کے عالمی ادارے ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے جموں کشمیر میں پیلٹ گن کی قہر انگیزیوں سے متعلق رپورٹ کو حقائق پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حقوق بشر کے عالمی اداروں اور انصاف پسند اقوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیریوں کیخلاف پیلٹ گن جیسے مہلک اور انسان کش ہتھیار پر پابندی اور کشمیر میں ہر طرح کی انسانی حقوق کی پامالیوں کو روکنے کیلئے حکومت ہندوستان پراپنا اثر رسوخ استعمال کریں۔ اجلاس میں کہا گیا کہ کشمیر میں پر امن جلوسوں پر اندھا دھنداور راست فائرنگ اور مہلک پیلٹ گن کے استعمال سے نہتے شہریوں کو شدید زخمی اور ان کی آنکھوں کی بینائی چھینی جا رہی ہے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ پیلٹ گن زیادہ مہلک اور خطرنات ہتھیارہے جس سے اب تک ہمارے سینکڑوں نوجوان شدید زخمی اور ناکارہ بنادئے گئے ہیں اور بینائی سے محروم ہو چکے ہیں۔اجلاس میں وادی کے اطراف و اکناف میں CASO کی آڑ میں عوام پر تشدد ڈھانے ظلم و زیادتیوں ، گرفتاریوں ، ہراسانیوں اور قتل و غارت گری پر مبنی سرکاری پالیسیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ ایک مبنی برحق جد وجہد میں مصروف عوام کے خلاف ہر غیر جمہوری اور غیر انسانی ہتھکنڈے بروئے کار لاکر یہاں کے حریت پسند عوام کوپشت بہ دیوار کیا جارہا ہے۔ اجلاس میں بھارتی تحقیقاتی ایجنسیوں کی جانب سے مزاحمتی قائدین، کارکنوں، وکلاء اور تجارت پیشہ افراد کو ہراساں کرنے کو انتقام گیرانہ پالیسی سے عبارت کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ اس طرح کے حربوں سے یہاں کی حق و انصاف پر مبنی عوامی تحریک کو دبایا نہیں جاسکتا۔
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *