سرینگر //مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی شاہ گیلانی ، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے فورسز کی پُر تشدد کارروائیوں کے دوران دو نہتے نوجوانوں محمد سعید بٹ ساکن زینہ پورہ شوپیاں اور اویس احمد ڈار ساکن کاکہ پورہ پلوامہ کو جاں بحق کئے جانے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہتے کشمیریوں کے قتل و غارت پر حریت پسند قیادت اور عوام خاموش نہیں بیٹھیں گے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں تعینات فورسز پیلٹ اور بلٹ کی اندھا دھند فائرنگ کے ذریعہ نہتے کشمیریوںکو موت کے گھاٹ اتار رہی ہے اورحکومت ہندوستان یہاں کے نوجوانوں کے جذبہ مزاحمت کو توڑنے کیلئے ـظلم و جبر سے عبارت ہر غیر جمہوری رویہ آزمانے پر بضد نظر آرہی ہے ۔قائدین نے نہتے مظاہرین پر طاقت اور تشدد کے بے تحاشہ استعمال جس کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی ہوئے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت ظلم و جبرکیخلاف اٹھنے والی ہر آواز کا طاقت کے بل پر گلا گھونٹنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور اس کی فورسز اور فوج ہر جواب دہی کے عمل سے بے پرواہ ہوکر نہتے کشمیریوں کو اپنے مظالم کا نشانہ بنا رہی ہے ۔ قائدین نے شوپیان میں جاں بحق محمد یاسین ایتو کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ہلاکت سے کشمیریوں کی رواں تحریک مزاحمت ایک منجھے ہوئے قائد، اتحاد کے داعی اور جذبہ مزاحمت سے سرشار حریت پسند سے محروم ہو گئی ہے جس نے اپنی تمام زندگی تحریکی صفوں میں اتحاد و یکجہتی کو قائم رکھنے کیلئے صرف کی۔بیان میں سرینگر کے شہر خاص علاقے میں آئے روز کرفیو کے نفاذ ،قدغنوں اور بندشوں کے عائد کئے جانے کی شدید مذمت کی گئی۔