سرینگر//شوپیاں میں احتجاج کرنے والے مظاہرین میں شدید زخمی 6افراد کو سرینگر صدر اسپتال منتقل کیا گیا جن میں5 پیلٹ لگنے کی وجہ سے زخمی ہوئے ہیں جبکہ گولی لگنے کی وجہ سے زخمی ہونے والے نوجوان کی حالت کافی نازک بنی ہوئی ہے ۔ صدر اسپتال کے شعبہ ایمرجنسی و حادثات میں اتوار کو شوپیاں سے زخمی ہونے والے نوجوانوں کے آنے کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔اسپتال ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ شوپیاں میں پیلٹ اور گولیوں کے نتیجے میں زخمی 6 افرادکو یہاں منتقل کیا گیا جن میں 5پیلٹ لگنے کی وجہ سے زخمی ہوئے ہیں جبکہ ایک پیٹ میں گولی لگنے کی وجہ سے زخمی ہوا ہے۔ صدر اسپتال میں شعبہ امراض چشم کے سربراہ ڈاکٹر طارق قریشی نے بتایا ’’ اتوار کو شعبہ امراض چشم میں 5زخمی نوجوانوں کا اندراج ہوا جن میں 2 نوجوانوں کی آنکھوں کو معمولی نوعیت کے زخم لگے تھے جبکہ 3کی آنکھیں پیلٹ سے شدید طور پر متاثر ہوئیں ہیں۔ ڈاکٹر قریشی نے بتایا کہ تینوں شاہد احمد ، یاور اور ارشد احمد نامی نوجوانوں کی آنکھوں کی ابتدائی مرہم پٹی کی گئی ہے اور آئندہ چند دنوں میں معلوم ہوگا کہ تینوں نوجوانوں کو کتنی گہری چوٹیں آئی ہیں۔ ادھر شوپیاں میں محمد سید بٹ ہف شرمال گولی لگنے کی وجہ سے زخمی ہوگیا ہے۔ 25سالہ محمد سید بٹ کے پڑوسی فاروق احمد نے بتایا کہ پیشے سے ترکھان محمد سید بٹ کو سرینگر منتقلی کے دوران بھی فورسز اہلکاروں نے زدوکوب کیا اور اسکی شدید مارپیٹ کی ۔ فاروق احمد نے بتایا کہ جوں ہی ہم در پورہ کے مقام پر پہنچے تو وہاں موجود فوجی اہلکاروں نے ہمیں روکا اور تحقیقات کرنے لگے۔ فاروق احمد بٹ نے فورسز اہلکاروں نے محمد سعید بٹ کی ایمبولنس گاڑی کو کئی گھنٹوں تک روکے رکھا اور اسکی شدید مارپیٹ کی ۔اسپتال ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اس کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔