محرم:اسلامی تقویم (Calendar) کا پہلا مہینہ ہے اس سے سن ہجری کا نقطئہ آغازہے۔اسلامی سال نو کا وہ مقدس اور متبرک مہینہ ہے جسے رب کریم نے حرمت ،عظمت ا ور امن کا ’’شہر حرام‘‘ قرار دیاہے ۔ان عدۃ الشہور۔۔۔۔۔(القرآن:سورہ توبہ۔ آیت 36) ترجمہ :بے شک مہینوں کی گنتی اللہ کے نزدیک بارہ مہینے ہیں۔اللہ کی کتاب میں جب سے اس نے آسمانوں اور زمین کو بنایا۔ان میں سے چار حرمت والے ہیں ۔یہ سیدھا دین ہے ۔تو ان مہینوں میں اپنی جان پر ظلم نہ کرو۔یہ ان چار اسلامی مہینوںمیں سے ایک ہے جنہیں خداوند قدوس نے’’ اشہر حرم ‘‘قرار دیاہے ۔ امن کا مہینہ قرار دے کر اس کے تقدس ،احترام پر مہر تصدیق ثبت فرمائی۔
ماہ محرم الحرام،اسلامی سن ہجری کی شروعات:
اسلامی تاریخ سن ہجر ی کے آغاز کے حوالے سے متعدد روایات ملتی ہیں تاہم مورخین کا اس بات پر اتفاق ہے کہ سن ہجری کا باقاعدہ ایجاد و نفاذ حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کے دور میں ۲۰ جماد ی الثانی بروز جمعرات ۱۷ہجری کو عمل میںآیا سید نا حضرت علی رضی اللہ عنہ کے مشورے سے اسلامی کلینڈر کا شما ر واقعہ ہجرت مدینہ کی بنیاد قرار پایا جب خلیفہ حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کے مشورے سے محرم الحرام کو نئے اسلامی سال کا پہلا مہینہ قرار دیا گیا (رحمۃ للعٰلمین۔جلد ۲، صفحہ ۳۹۲:قاضی محمد سلیمان منصور پوری ) ۔یہ بھی حقیقت ہے کہ اسلامی کلینڈر کی شروعات واقعہ ہجرت نبوی سے ہے ۔ جو رحمۃ للعٰلمین اور آخرالانبیاء علیہم السلام اور صحابۂ کرام رضوان اللہ تعالیٰ اجمعین کی زندگیوں میں مشرکین مکہ کے ظلم و جبر کی انتہاہوئی اور پھر پہلے مظلوم مسلمانو ں اور آخر کار سید المرسلین حضرت محمد ﷺ کو بھی ہجرت کا حکم ملا، ہجرت کا حکم پاتے ہی سرکار دوجہاں ﷺاپنے ہمدم و جاں نثار یار غار و مزار سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کے کا شانے پر پہنچے اور انہیں بھی ہجرت کے حکم سے آگاہ فرمایا۔چنا نچہ ایک سن ہجری مطابق ۶۲۲ ء کو ایک اونٹنی پر پیغمبر اعظم اور دوسری پر سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ سوار ہو کرسفر ہجرت پر روانہ ہو گئے ۔ تاریخ اس بات پر گواہ ہے کہ ہجرت نبوی ؐ اسلام کی انقلابی تحریک کا مقدر بن گئی۔ یہ بھی ایک تاریخی سچائی ہے کہ اسلامی سال کا آغاز محرم الحرام سے ہوتاہے جس کی مختلف تاریخی واقعات کے تعلق سے ا پنی مستقل بذات فضیلتیں ہیں،ساتھ ہی یہ اپنے دامن میں غم و حزن اور رنج و الم کی داستان سموئے ہوئے ہے، یکم محرم الحرام کو امیر المومنین حضرت عمر فاروق اعظم رضی اللہ تعالیٰ علیہ کا یوم شہادت بھی ہے جب کہ عاشورئہ محرم جگر گوشہ حضرت علی و بتول سیدنا حضرت حسین ابن علی رضی اللہ عنہما اور ان کے ہمراہ بہتر نفوس قدسیہ شہدائے کر بلاکی شہادت عظمیٰ کی داستان رنج وا لم و ظلم و ستم لئے ہوئے ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے۔ یہ جرأت و شجاعت ، تسلیم و رضا اور باطل کے سامنے سینہ سپر ہونے کا وہ پیغام دین ہے جس کی اہمیت کبھی کم نہ ہوگی ۔
سانحئہ کربلا حق و باطل کا تاریخ ساز معرکہ
حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ و شہدائے کربلا نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے اسلام کی بقا اور دین کی سر بلندی کیلئے اپنا سب کچھ قربان کرنے کا بے مثال درس دیا حضور خواجہ اجمیری رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں :
شاہ است حسین بادشاہ ہست حسین
دین است حسین دین پناہ است حسین
سر داد نہ داد دست در دست یزید
حقا کہ بنائے لاالہٰ است حسین
ایک وقت ایساآیا کہ یزید جیسا ملوکِ بے اصول شخص نواسئہ رسول امام حسین ؓسے اپنی حکومت کی تائید کیلئے بیعت مانگ رہاتھا، آپؓ کی تربیت رسول اکر م ﷺنے فرمائی تھی ، اس لئے اپنی بیعت کے اثرات ومضمرات پر غور وفکر کرنا آپ ؓ سے متوقع تھی کیونکہ یہ خانوادۂ رسول ؐ کی بیعت کے مترادف تھی ۔ حضرت امام حسین ؓنے ایسے مشکل حالات میں یزید کے اقتدار، وقت کی نزاکتوں اور اسلام کو درپیش گھمبیر مسائل کا جائزہ لیا اورشرعی اجہتاد کر کے اٹل فیصلہ لیا کہ یزید پر بیعت ذلت کی زندگی ہے جس پر عزت کی موت کو ترجیح ملنی چاہیے ۔ آپؓ نے بیعت سے انکار کر کے فرمایا :میں نے نہ بغاوت کی نیت سے خروج کیا ہے اور نہ فساد کیلئے اور نہ ہی ظلم کیلئے بلکہ میرا تو ایک ہی مقصد ہے وہ یہ کہ امر بالمعروف و نہی عن المنکر کروں اور امت محمدی کی اصلاح کروں ۔ حضرت محمد ﷺ کی سنت اور سیرت کو زندہ کروں۔آپ ؓنے میدان عمل میں کتاب اللہ پر عمل کرتے ہوئے عدل و انصاف و حق کی قدر و قیمت بتائی اور کر بلا کے مختلف مراحل میں خداکے حضور بے انتہا خشوع وخضوع اور ایثار وقربانی کا مظاہر ہ فرماکر بتا دیا کہ کیسے ذاتِ خدا کیلئے اپنے وجود کوو قف کیا جاتاہے اورشہادت کا جام نوش کیا جاتاہے ۔
حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے فضائل:
آپ ؓکے فضائل کے باب میں بہت ساری حدیثیں وارد ہیں، بہت سی حدیثیں حضرت حسن رضی اللہ عنہ کے بارے میں بھی حدیث کے ذخائر میں موجود ہیں ۔آپؑ انتہائی شریف ،کم گو اور کثر ت سے نماز ، حج ، صدقہ اور دیگر امور خیر ادافرماتے۔ روایت ہے کہ آپ رضی اللہ عنہ نے پیدل چل کر پچیس حج ادا کئے (برکات آل رسول ،ص ۱۴۵) ترمذی شریف کی حدیث ہے حضرت یعلٰی بن مرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کی حضور پر نور ﷺ نے فرمایا : ’’حسین مجھ سے ہیں میں حسین سے ہوں ‘‘۔ شارحین فرماتے ہیں کہ حسینؓ کو حضور ؐسے اور حضور ؐ کو حسین ؑسے انتہائی قرب ہے، گویا کہ دونوں ایک ہیں تو حسین کا ذکر حضور ؐکا ذکر ہے حسین ؓسے دوستی حضور سے دوستی ہے، حسینؓ سے دشمنی حضورؐ سے دشمنی ہے اور حسینؓ سے لڑائی کرنا حضور ؐسے لڑائی کرناہے ۔ آقا ﷺ فرماتے ہیں: جس نے حسینؓ سے محبت کی اس نے اللہ سے محبت کی ۔ (مشکوٰۃ شریف ، ص ۵۷۱)۔
نبی اکرم ﷺنے فرمایاحسن وحسین رضی اللہ عنہما جنتی نوجوانوں کے سردار ہیں ( مشکوٰۃ شریف ،ص۵۷۰ )۔
شہیدوں کی فضیلت قرآن مجید میں ہے اور احادیث مبارکہ میں وارد ہیں، انہیں فضیلتوں میں یہ بھی ہے کہ اللہ رب العزت شہیدوں کو ایسی لذت عطافرماتا ہے جو اور کسی نعمت میں نہیں ہے۔ دنیا کی بے شمار نعمتوں سے انسان لذت حاصل کر تا ہے، کسی نعمت کو کھاتا ہے ، کسی کو پیتا ہے ،کسی کو دیکھتا ہے ۔ کسی کو سونگھتا ہے ۔ غرض کہ بے شمار نعمتوں سے انسان ذائقہ ( (Tasteلیتا ہے لیکن شہید کو اللہ کی راہ میں شہادت سے جو لذت ملتی ہے اس کے سامنے دنیا کی لذتیں ہیچ ہیں۔ آپ ﷺ کا ارشاد گرامی ہے کہ جنت میں داخل ہونے کے بعد کوئی جنت اور وہاں کی نعمتوں کو چھوڑکر آنا پسند نہ کرے گا کہ جو چیزیں زمین میںحاصل تھیں پھر مل جائیں مگر شہید تمنا کرے گا کہ دنیا میںلوٹے اور ۱۰؍ مرتبہ قتال کیا جائے ۔ (بخاری و مسلم ۔ مشکوٰۃ ص ۳۳۰)
یوم عاشورہ و شہادت امام حسین اور ہماری ذمہ داریاں
ماہ محرم الحرام کا پہلا عشرہ نہایت برکت والا ہے ۔ ۱۰ محرم الحرام جس کو اسلامی تاریخ میں ’’یوم عاشورہ ‘‘ کہتے ہیں ۔ تاریخ اسلام میں اس کو ایک اہم مقام حا صل ہے ۔یوم عاشورہ کو یوم زینت بھی کہا جاتا ہے اس دن کا یہ نام اس لئے دیا گیا کہ اللہ تعالیٰ نے اس دن ۱۰ ؍انبیاء کرام علیہم السلام کو دس عظمتوں سے نوازا تھا (غنیہ الطالبین ، جلد ۲ ، ص ۵۵ ) ۔
یوم عاشورہ کا روزہ بہت فضیلت رکھتا ہے۔ یوم عاشورہ کا روزہ اسلام سے قبل اہل مکہ اور یہودی لوگ بھی رکھا کرتے تھے۔ حضرت عروہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ ام المومنین حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے فرمایا :قریش زمانہ جاہلیت میں اس دن کا روزہ رکھا کرتے تھے ۔پھر جب حضور ﷺمدینہ منورہ تشریف لائے تو رمضان کے روزے فرض ہوئے ۔تب یوم عاشورہ کا روزہ چھوڑ دیا گیا ۔جس کا جی چاہے وہ یوم عاشورہ کا روزہ رہے اور جس کا جی چاہے وہ نہ رہے (ابو داود ،کتاب الصیام ، باب فی یوم عاشورہ ،غنیہ الطالبین ، جلد ۲ ،ص۵۶ )۔
سلطان الاولیا ء حضرت خواجہ نظام الدین ؒ فرماتے ہیں کہ شیخ الاسلام و المسلمین قطب الاقطاب حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر رحمتہ اللہ علیہ نے عاشورہ کے روزے کی فضیلت کے بارے میں فرمایا :کہ عاشورہ کے روز ے میں جنگل کی ہرنیاں بھی خاندان رسول ﷺ کی دوستی کے سبب اپنے بچوں کو دودھ نہیں دیتیں ، پس کیوںایسے ر وز ے کو چھوڑا جائے (راحت القلوب ص ۵۸،شام کر بلا ص ۸ ۲۸ ۔ ۷ ۸ ۲ )
نواسہ ٔرسول سیدنا حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اسلام کی خاطر میدان کربلا میں دس محرم الحرام یوم عاشورہ کو شہید ہوئے واقعہ کربلا کی وجہ سے عاشورہ بہت مشہور و معروف ہوگیا۔ دور حاضر میں یوم عاشورہ اور حضرت امام حسینؓ کی شہادت کے تعلق سے ہماراکر دار یقینا قابل افسوس اور حیرت ناک ہے ۔ جو قوم خیر امت بن کر آئی اور انسانوں کو امر بالمعروف و نہی عن المنکر کا راستہ دکھانے آئی، وہی قوم عاشورہ کے دن ہر معروف و خیر کو چھوڑ کر منکرات اور خرافات جن کا نہ اسلام سے ناطہ ہے نہ شریعت سے ۔ افسوس صد افسوس !آج ملت اسلامیہ محرم الحرا م اور یوم عاشورہ کی فضیلتوں ،برکتوں، عاشورہ کے دن کی عبادتوں کو پس پشت ڈال چکی ہے۔ اللہ کے رسول نے فرمایا :جو عاشورہ کے دن چار رکعتیں پڑھے اللہ تعالیٰ اس کے پچاس برس کے گناہ معاف کر دیتا ہے اور اس کے لئے نور کا منبر بناتاہے۔ اور فرمایا:جو عاشورہ کے دن اپنے اہل و عیال پروسعت کرے، اللہ تعالیٰ اس پر سارا سال و سعت ( برکت )فرماتا ہے( نزھۃ المجالس ، جلد اول ، ص ۱۷۸۔ ۱۷۷،بہیقی ، مشکوٰۃ ص ۱۷۰،غنیہ الطالبین ۔جلد ۲ ،ص ۵۴)۔ حضرت سفیان ثوری رحمتہ اللہ علیہ نے فرمایا کہ ہم نے اس کا تجربہ کیا تو اسے بالکل ایسے ہی پایا ۔اس دن کا روزہ چھوڑکر اور شب عاشورہ کی عبادت چھوڑکر ہم ایسی رسمیں اختیارکرتے ہیں جن کا تعلق نہ ہی محرم الحرام سے ہے نہ ہی یوم عاشورہ سے ۔شہادت امام حسین ہم سب کو یہ درس دیتی ہے کہ ایمان کی بنیاد پر حوصلہ اور عزم کو اپنے اندر پیدا کریں جو حق کی حفاظت کیلئے ضروری ہے۔ اسلام کی سر بلندی کے لئے آپؓ نے جام شہادت نوش فرمایا اور بتادیا کہ فاسق و فاجر کو پیشوا نہیں مانا جا سکتا۔ یزید جو ا کھیلتا تھا،شراب پیتا تھا ، گھمنڈی اور ڈکٹیٹرتھا ،آپؓ نے اپنا سر مبارک نیزے کی نوک پر کٹاکر فرمایا وہ خلیفہ نہیں ہو سکتا ، مسلمانوں کا پیشوااورخلیفہ وہی ہو گا جو مسلمانوں میں سب سے زیادہ صالح اور پرہیز گار ہو۔ اعلان خداوندی ہے ترجمہ : بے شک زمین کے وارث میرے نیک بندے ہوں گے ۔(سورۃ الانبیاء،آیت ۱۰۵)
جس طرح ہم کسی نبی کی توہین برداشت نہیں کر سکتے ہیں، اسی طرح اہل بیت اطہار ؓ، صحابۂ کرام ؓاور دیگر معزز و مکرم شخصیاتِ اسلام کی توہین برداشت نہیں کرسکتے ہیں ۔بلا شبہ اللہ اور رسول ﷺپر ایمان کا تقاضایہ ہے کہ آپؐ کے اہل بیت ؓ،اہل خاندان ، ازواج مطہراتؓ اور آپ ؐکی تمام اولاد سے بے حد و حساب محبت کی جائے، حددرجہ ان کے ساتھ ادب و احترام کا معاملہ کیا جائے ، کوئی ایساعمل ، کوئی ایسی حرکت یا کوئی ایسافعل ہم سے خواب وخیال میں بھی صادرنہ ہو جو رسول اکر م ﷺ کی اولاد یااہل بیت اطہار ؓکی شان میں گستاخی اور بے ادبی مانی جاتی ہو۔ ایک موقع پر آپ ﷺنے اہل بیت ؓکو حضرت نوح علیہ السلام کی کشتی سے مشابہت دیتے ہوئے ان کی محبت اور عظمت کو ذریعۂ نجات قرار دیاہے (مشکوٰۃ ،ص۲۷۳)
شہدائے کربلا کو خراج تحسین
عاشورہ کے دن ہمارا اسلامی کر دار ا س طرح ہونا چاہئے :نویں، دسویں محرم کو روزہ کا اہتمام کر نا چاہئے، حضرت امام حسینؓ اور دیگر شہید ان کربلاؓ کے ایصال ثواب کیلئے رشتہ داروں، دوستوں کو اکٹھا کر کے قرآن خوانی کا اہتمام کریں، نذر و نیاز اور صدقہ وخیرات کی جو چیز میسر ہو، وہ مستحق لوگوں میں تقسیم کریں ،شہدائے کربلا ؓاور دوسرے شہدائے دین کی اللہ کے حضورتر قی ٔ درجات کے لئے دست بدعا ہوجائیں ،صدقہ و خیرات کا خوب اہتمام کریں ۔ ا س موقع پر کھانے پینے کی چیز کو بلا سوچے سمجھے لٹانا ،بھیڑ میں پھینکنا کہ اس طرح سے زمین پر گرے اور قدموں تلے رونداجائے ،یہ رزق کی بے حرمتی اور بے ادبی ہے ،جو ناجائز ہے۔ صالحین کے ذکر کے وقت رحمت الٰہی کا نزول ہوتاہے، جو شر کاء کے لئے باعث برکت ہے لیکن اس بات کا ضرور خیال رکھیں کہ خطاب کے لئے ذمہ دار علما کا انتخاب کریں۔ واللہ سچے عاشقانِ امام حسین وہ ہیں جو پنج وقتہ نماز ،روزہ ،حج اور زکوٰۃ نیز دیگر اعمال صالحہ کرتے ہیں، حق پسندہوں ،شراب ،سود ، بدکاری ، جھوٹ،غیبت سے دور رہتے ہوں ،نفرت کرتے ہوںان برے کاموں کا ارتکاب سے جن کے خلاف امام حسین ؓ اتنی بے مثال قربانی دی اور محبت کر تے ہوں ہر قوم وفرقہ اور خاندان واور قبیلے کے انسانوں سے ۔ یا درکھیںصرف الفاظ کے ذریعے محبت کا اظہار کرنے سے محبت کا حق ادا نہیں ہوتا۔رب العزت ارشاد فرماتاہے۔ترجمہ:اللہ نے وعدہ کیاہے ان سے جو ان میں ایمان والے اچھے کام والے ہیں بخشش اور بڑے ثواب کا۔(القرآن۔سورہ ،فتح۔آیت 29)۔ایمان و محبت کا دعویٰ عمل کے بغیر صحیح نہیں۔ حضرت امام حسینؓ کے ایثار پیشہ عمل کو دیکھیں اور عبرت حاصل کریں ۔دعا ہے کہ ہم سب کو اللہ ر ب العزت عبرت و نصیحت حاصل کرنے کی توفیق رفیق بخشے اور اللہ کے محبوب بندوں کے نقش قدم پر چلنے کی قوت عطافرمائے ،قیامت کے دن نبین،صدیقین،شہدااور صالحین کے دامن کرم میں ہم سب کا حشر فرمائے اور ہمیں محرم الحرام کے صدقے حسینی ؓ کردار کو عملی طور اپنانے کی توفیق عطا فرمائے۔(آمین)
……………………….
رابطہ09386379632
email: [email protected]