یواین آئی
فلوریڈا/پیشہ ور ریسلر ٹیری بولیا، جو ’’ہلک ہوگن‘‘ کے نام سے مشہور تھے ، 71 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ ان کے انتقال کی تصدیق ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ(ڈبلو ڈبلو ای) نے کی ہے ۔سی این این کی رپورٹ کے مطابق ہلک ہوگن کو ریسلنگ کی تاریخ کا سب سے بڑا اسٹار مانا جاتا ہے ۔ رنگ کے اندر اور باہر ان کی دبنگ شخصیت نے انہیں گھر گھر کا جانا پہچانا چہرہ بنا دیا ۔وہ محض ریسلر نہیں بلکہ ایک ثقافتی علامت بن گئے ہیں جنہوں نے ڈبلیو ڈبلیو ای کو عالمی شہرت دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ڈبلوڈبلو ای نے ایکس پر جاری پیغام میں کہا: یہ جان کر بہت افسوس ہوا کہ ہال آف فیمر ہلک ہوگن انتقال کر گئے ہیں۔ وہ پاپ کلچر کی سب سے معروف شخصیات میں سے ایک تھے ، جنہوں نے 1980 کی دہائی میں ڈبلو ڈبلو ای کو عالمی سطح پر پہچان دلائی۔ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی ریسلر ہلک ہوگن کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیڈرل ریزرو بینک کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ہلک ہوگن کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم نے ایک اچھے دوست کو کھو دیا۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہلک ہوگن صحیح معنوں میں ’’میگا‘‘ کے حامی تھے ، ہلک ہوگن کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔