زاہد بشیر
گول//گول میں مقامی سماجی تنظیم پیس اینڈ ویلفیئر کمیٹی کی جانب سے ماہانہ میٹنگ کا انعقاد زیر صدارت صدر عبدالرشید بیگ منعقد ہوئی جس میں کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی ۔ اس موقعہ پر کمیٹی نے پہلگام واقعہ پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک انسان کا نا حق قتل کرنا پوری انسانیت کا قتل کرنا ہے اور جنہوں نے بھی یہ وحشیانہ حملہ کیا ہے وہ دہشت گرد ہیں۔ا نہوں نے اس موقعہ پر گول میں رکے پڑے تعمیراتی کاموں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ و مقامی لیڈران و جموںو کشمیر گورنر انتظامیہ سے اپیل کی کہ گول میں تمام رکے پڑے تعمیراتی کاموں پر جلد از جلد کام شروع کیا جائے تا کہ یہاں پر مسائل کا اذالہ ہو سکے ۔ انہوں نے اس موقعہ پر گول میں حالیہ شدید ژالہ باری سے نقصان پر حکومت سے مطالبہ کیا کہ زمینداروں کو معقول معاوضہ دیا جائے کیونکہ کئی جگہوں پر ژالہ باری کی وجہ سے صد فی صد نقصان ہوا ہے جس میں پھلدار درختان و دیگر نقصان بھی شامل ہے ۔ کمیٹی نے گول میں ڈگری کالج کی سست تعمیراتی کام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بچے اس وقت آئی ٹی آئی کی عمارت میں پڑھائی کر رہے ہیں جہاں جگہ بہت زیادہ کم ہے اور ڈگری کالج کی عمارت پر کئی سالوں سے کچھوے کی چال کام چل رہا ہے جس کو پائیہ تکمیل تک پہنچانا لازمی ہے ۔ انہوں نے اس موقعہ پر گول میں لوگوں کو آ رہے درپیش دیگر مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ جلد از جلد ان مسائل کو حل کیا جائے ۔