محمد تسکین+سمت بھارگو
بانہال+راجوری// رام بن اور بانہال کے سیکٹر میں اتوارسہ پہر چار بجے ہلکی بارش ہوئی۔ اس دوران پیر پنچال کے پہاڑی سلسلے پر ایک اور ہلکی برفباری بھی ہوئی۔ جواہر ٹنل ، چنجلو ٹاپ ، چنگ مال اور مہو منگت کے پہاڑوں پر بھی ہلکی برفباری ہوئی تاہم شاہراہ پر ٹریفک معمول کے مطابق جاری رہا۔ادھرپیرپنچال کے بالائی علاقوں میں تازہ برف باری اورمیدانی علاقوںمیں بارش نے موسم سرما کی سردی کی موجودہ ہلکی حالت کی شدت میں اضافہ کر دیا ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ نشیبی علاقوں میں تازہ بارش اور بالائی علاقوں میں پیر کی صبح سے برفباری شروع ہوئی اور شام تک گھنٹوں تک جاری رہی جس کے ساتھ درجہ حرارت میں کمی دیکھنے میں آئی ہے جس سے سردی کی لہر میں اضافہ ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بالائی علاقوں میں کئی انچ برف باری ہوئی ہے خاص طور پر راجوری ضلع کے تھنہ منڈی، درہال اور کوٹرنکہ علاقوں کے ساتھ ساتھ پونچھ اضلاع کے سرنکوٹ اور منڈی کے پہاڑی علاقوں میں تازہ برفباری ہوئی ہے جبکہ خطہ کے میدانی علاقوں میں ہوئی ہلکی سے بھاری بارش کی وجہ سے خطہ میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سردیوں کی سردی پہلے ہلکی ہوتی تھی لیکن اب تازہ خراب موسم سے اس میں اضافہ ہو گیا ہے۔ڈی ٹی آئی ٹریفک پولیس مغل روڈنے رابطہ کرنے پر بتایا کہ سڑک پر گاڑیوں کی آمدورفت جاری ہے اور اس کا کوئی اثر نہیں ہے۔ادھرمحکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ کشمیر میں زیادہ تر مقامات پر کم از کم درجہ حرارت میں نمایاں بہتری آئی ہے، جس سے شہریوں کو شدید سردی سے کچھ راحت ملی، یہاں تک کہ وادی میں دھند کی ایک موٹی تہہ چھائی ہوئی ہے۔ گلمرگ وادی کا واحدمقام تھا جہاں کم از کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے منفی 1.2 ڈگری سیلسیس رہا۔حکام نے بتایا کہ سرینگر میں کم از کم 3.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو کہ گزشتہ رات صفر ڈگری سیلسیس سے زیادہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 2.6 ڈگری سیلسیس پر طے ہوا، جب کہ کوکرناگ میں 2.8 ، پہلگام میں 1.5 اور کپواڑہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.8 ڈگری سیلسیس پر رہا۔دھند کی ایک موٹی تہہ نے پیر کی صبح وادی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ تاہم دھند کی وجہ سے سری نگر ہوائی اڈے پر فضائی ٹریفک پر زیادہ اثر نہیں ہوا۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ کشمیر میں کئی مقامات پر منگل تک ہلکی سے درمیانی دھند جاری رہنے کا امکان ہے۔ پیر کوجموں و کشمیر کے بیشتر مقامات پر موسم عام طور پر ابر آلود رہا اور منگل تک کچھ مقامات پر ہلکی بارش یا برفباری کے ساتھ ایسا ہی رہنے کا امکان ہے۔بدھ سے، کافی وسیع مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش یا برفباری کے امکانات ہیں اور دو دن کے دوران چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے کشمیر میں 29-30 نومبر کو بارش اور برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات نے ماہ کے آخر تک کشمیر میں کافی وسیع مقامات پر ہلکی بارش یا برفباری ہوسکتی ہے تاہم 1 سے 5 دسمبر تک جزوی طور پر ابر آلود موسم رہے گا۔