کشتواڑ//جمعہ بعد دوپہر پیر پنچال کے آر پار پہاڑوں پر بارشوں اور برف باری کا تازہ سلسلہ شروع ہو گیا جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں مزید گرائوٹ درج کی گئی ہے ۔ اس کے ساتھ ہی جمعہ کے روز بھی پہاڑی علاقہ میں تعلیمی ادارے بند رہے اور بازاروں سے رونق غائب رہی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ موسمی حالات کے پیش نظر خطہ چناب کے بالائی علاقوں میں جمعہ کے روز بھی اسکول بند رکھے گئے اور ہفتہ کو اسکول کھولے جانے کا فیصلہ حالات کا جائزہ لینے کے بعد ہی کیا جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ جمعرات کو انتظامیہ نے ہائر سکینڈری سطح تک کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں کے طلباء کے لئے عام تعطیل کا علان کیا تھا۔ اس دوران پہاڑی علاقوں میں سیلابی کیفیت بدستور بنی ہوئی ہے ، اگر چہ بٹوت کشتواڑ اور مغل شاہراہیں سڑکیں ہنوز بند ہیں تا ہم بٹوت ڈوڈہ شاہراہ کو کھول دیا گیا ہے ۔قابل ذکر ہے کہ ڈوڈہ کشتواڑ روڈ درابشالہ کے قریب چٹانیں کھسکنے سے مسلسل چوتھے روز بھی منقطع رہی اور ملبہ گرنے کا سلسلہ جاری رہنے کی وجہ سے رابطہ بحالی کی کوششوں میں رکاوٹ آ رہی ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اگر آج یعنی ہفتہ کے روز مزید پسیاں نہ آئیں تو بعد دوپہر شاہراہ پر آمد و رفت بحال کر دی جائے گی۔ ادھر چار ماہ سے بند پڑے جموں کے تاریخی مغل روڈ پر بھی مزید برفباری ہوئی ہے جس سے اس شاہراہ کو کھولے جانے کی کوششوں کو دھچکا لگا ہے ۔