رمیش کیسر
نوشہرہ //پیر پنچال کے پہاڑی اور میدانی علاقوں میں جمعرات کی رات سے موسم میں اچانک تبدیلی دیکھی گئی ہے۔ علاقے میں ہلکی بارش اور بوندا باندی کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے جس سے سردی کا احساس ایک بار پھر لوگوں کو محسوس ہونے لگا ہے۔جمعرات کی رات کو ہلکی بوندا باندی کا سلسلہ شروع ہوا، جو جمعہ کی دوپہر کے بعد دوبارہ شدت اختیار کر گیا۔ وقفے وقفے سے جاری اس ہلکی بارش نے جہاں موسم خوشگوار بنا دیا ہے، وہیں کسانوں کی پریشانیوں میں اضافہ بھی کر دیا ہے۔بارش کے باعث سب سے زیادہ خطرہ گندم کی فصل کو لاحق ہو گیا ہے۔ کسانوں کے مطابق گندم کی کٹائی کا عمل جاری ہے اور کئی مقامات پر فصل کھیتوں میں کاٹی جا چکی ہے۔ اگر بارش ان کٹی ہوئی فصلوں پر پڑ گئی تو وہ مکمل طور پر خراب ہو سکتی ہے، جس سے کسانوں کو شدید مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔مقامی کسانوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ موسمی صورتحال کے پیش نظر فوری موسمی الرٹ جاری کئے جائیں تاکہ بروقت احتیاطی تدابیر اختیار کی جا سکیں۔ماہرین موسمیات کے مطابق اگلے 24 سے 48 گھنٹوں تک بارش کا امکان برقرار رہ سکتا ہے، جس کے پیش نظر کسانوں کو فصلیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔پیر پنچال کے عوام نے موسم کی اس غیر متوقع تبدیلی پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ جہاں کچھ لوگ خوشگوار موسم سے لطف اندوز ہو رہے ہیں، وہیں کسان طبقہ خاصی تشویش میں مبتلا ہے۔