سمت بھارگو
راجوری//پیر پنجال کے پہاڑی علاقوں، خصوصاً راجوری اور پونچھ اضلاع میں سیکورٹی فورسز نے گزشتہ چند دنوں سے جاری مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاعات کے بعد وسیع پیمانے پر تلاشی کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے یہ خدشہ ظاہر کیا گیا
ہےکہ ایک نیا عسکریت پسند گروپ علاقے میں دراندازی کی کوشش کر رہا ہے، جس کے بعد صورتحال میں تناؤ پیدا ہو گیا ہے اور سیکورٹی ایجنسیاں پوری طرح چوکنا ہو گئی ہیں۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق، یہ کارروائیاں ممکنہ خطرات کو قبل از وقت روکنے کے لئے ایک پیشگی اقدام کے طور پر کی جا رہی ہیں تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔یہ آپریشنز مشترکہ طور پر فوج، جموں و کشمیر پولیس، پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ اور سنٹرل آرمڈ پیرا ملٹری فورسز کے اہلکاروں کے ذریعے انجام دئیے جا رہے ہیں۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے جنگلاتی اور دور دراز علاقوں میں سخت نگرانی اور چیکنگ کا سلسلہ تیز کر دیا ہے جبکہ عوام سے بھی مشتبہ افراد یا حرکات کے بارے میں فوری اطلاع دینے کی اپیل کی جا رہی ہے۔ذرائع کے مطابق کئی مقامات پر ناکے لگائے گئے ہیں اور داخلی و خارجی راستوں پر خاص نظر رکھی جا رہی ہے۔