سمت بھارگو
راجوری//بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) راجوری اور پونچھ اضلاع پر مشتمل پیر پنجال خطہ میں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی ہے کیونکہ اسے آٹھ اسمبلی حلقوں میں سے سات پر شکست ہوئی ہے۔پارٹی کے جموں و کشمیر کے ریاستی صدر رویندر رینہ، جنرل سکریٹری وبود گپتا، ایک سابق وزیر، دو سابق قانون ساز اور ایک موجودہ ڈی ڈی سی ممبر بھی الیکشن ہار گئے ہیں۔پارٹی کو سب سے زیادہ نقصان نوشہرہ سے ہوا ہے جہاں بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر رینہ این سی کے سریندر چودھری سے ہار گئے جبکہ پارٹی کے جنرل سکریٹری وبود گپتا راجوری اسمبلی حلقہ سے کانگریس کے امیدوار افتخار احمد کے ساتھ الیکشن ہار گئے۔اسی طرح، سرحدی ضلع راجوری کے بدھل اسمبلی حلقہ سے، بی جے پی امیدوار چودھری ذوالفقار علی، جو ایک سابق کابینہ وزیر ہیں، اپنے بھانجے اور این سی کے امیدوار جاوید اقبال چودھری سے الیکشن ہار گئے، جبکہ ایک اور بی جے پی کے مضبوط سیاسی رہنما، درہال سے ڈی ڈی سی ممبر اور تھنہ منڈی سے امیدوار محمد اقبال ملک آزاد امیدوار مظفر اقبال خان سے ہار گئے۔اس کے ساتھ ہی بی جے پی پونچھ اضلاع کی تینوں سیٹوں پر ہار گئی جہاں پارٹی امیدوار چوہدری عبدالغنی پونچھ حویلی سیٹ پر این سی امیدوار اعجاز جان سے ہار گئے جبکہ مینڈھر سے سابق ایم ایل سی اور پارٹی امیدوار مرتضیٰ خان مینڈھر اسمبلی حلقہ سے این سی امیدوار جاوید رانا سے ہار گئے۔اسی طرح سابق وزیر سرنکوٹ سے بی جے پی کے امیدوار مرحوم سید مشتاق احمد بخاری جن کا گزشتہ ہفتے انتقال ہوا وہ بھی الیکشن ہار گئے کیونکہ لوگوں نے آزاد امیدوار اکرم چودھری کو جیتنے کے لئے ووٹ دیا۔اس خطے میں واحد حلقہ جہاں بی جے پی نے جیت درج کی ہے وہ راجوری کا کالاکوٹ سندربنی ہے جہاں پارٹی کے امیدوار ٹھاکر رندھیر سنگھ نے اپنے بھتیجے اور این سی امیدوار ٹھاکر یاشو وردھن سنگھ سے کامیابی حاصل کی۔