سمت بھارگو
راجوری//راجوری اور پونچھ اضلاع میں گزشتہ کئی دنوں سے جاری شدید گرمی کی لہر کے بعد آخرکار موسم نے کروٹ لے لی ہے اور اتوار کی شام سے شروع ہونے والی موسلا دھار بارش نے علاقے کے عوام کو بڑی راحت پہنچائی ہے۔ پیر کی صبح تک وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے نہ صرف موسم کو خوشگوار بنا دیا بلکہ زمینی سطح پر درجہ حرارت میں نمایاں کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔راجوری اور پونچھ اضلاع گزشتہ ایک ہفتے سے شدید گرمی کی لپیٹ میں تھے، جہاں دن کے اوقات میں درجہ حرارت 40 ڈگری کے قریب پہنچ گیا تھا، جس کی وجہ سے نہ صرف روزمرہ زندگی متاثر ہو رہی تھی بلکہ بزرگ، بچے اور بیمار افراد خاصی پریشانی محسوس کر رہے تھے۔ گرمی کے ساتھ بجلی کی آنکھ مچولی، پانی کی قلت اور گھٹن نے عام زندگی کو مشکل بنا دیا تھاتاہم اتوار کی شام اچانک موسم میں تبدیلی آئی، آسمان پر سیاہ بادل چھا گئے اور مختلف علاقوں میں درمیانے درجے کی بارش شروع ہوئی جو پیر کی صبح تک جاری رہی۔ بارش کے بعد جہاں سڑکیں بھیگ گئیں، وہیں لوگوں کے چہرے بھی خوشی سے کھل اٹھے۔ گھروں کے اندر بند رہنے والے افراد بارش سے لطف اندوز ہونے کے لئے باہر نکل آئے اور قدرت کے اس انعام کا شکریہ ادا کیا۔بارش سے سب سے زیادہ فائدہ کسان طبقے کو ہوا، جنہوں نے حالیہ دنوں میں مکئی، راجما اور دیگر موسمی فصلوں کی بوائی مکمل کی تھی، لیکن زمین میں نمی کی شدید کمی کی وجہ سے فصلیں متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا۔ بارش کے باعث اب زمین میں نمی کی سطح بہتر ہوئی ہے، جس سے فصلوں کی بہتر نشوونما کی امید کی جا رہی ہے۔پونچھ کے ایک کسان محمد بشیر نے کہاکہ ’’ہم نے پچھلے ہفتے مکئی کی بوائی کی تھی، لیکن زمین بالکل خشک تھی۔ اللہ کا شکر ہے کہ یہ بارش بروقت ہوئی۔ اب فصلوں کی بہتر پیداوار ممکن ہو سکے گی‘‘۔راجوری کے کسان بشارت حسین نے بتایا کہ بارش کے بعد زمین میں ٹھنڈک آئی ہے اور اب ہمیں دوبارہ ٹیوب ویل سے پانی چلانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔بارش نے نہ صرف گرمی کو کم کیا بلکہ پانی کے بحران سے نبرد آزما علاقوں کے لوگوں میں بھی نئی امید جگا دی ہے۔ مختلف دیہی علاقوں میں جہاں کنویں اور نلکے خشک ہو چکے تھے، وہاں بارش سے پانی کے ذخائر میں اضافہ متوقع ہے۔ایک مقامی خاتون نازیہ بیگم نے کہاکہ ’’پچھلے ہفتے ہم کئی کلومیٹر دور سے پانی لانے پر مجبور تھے، لیکن اب امید ہے کہ بارش کی وجہ سے پانی کی کمی کچھ کم ہو جائے گی‘‘۔بارش سے جہاں ٹھنڈی ہوائیں چلیں، وہیں فضا میں موجود گرد و غبار بھی کم ہو گیا۔ ماحولیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ بارش کا یہ سلسلہ فضائی آلودگی میں بھی کمی لائے گا اور مجموعی ماحول کو بہتر کرے گا۔خطہ پیر پنچال میں موسمی تبدیلی نے لوگوں کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑا دی ہے۔ گرمی کی شدت میں کمی، پانی کی فراہمی میں بہتری اور فصلوں کی افزائش کی امید نے عوام اور کسانوں کو نئی توانائی دی ہے۔