بانہال // درہ بانہال کے پیر پنجال پہاڑی سلسلے پر تازہ برفباری اور کئی روز سے وقفے وقفے کی بارشوں نے جموں کے میدانی علاقوں سے وادی کشمیر کے سرسبز چراگاہوں کی طرف سفر کرنے والے کئی خانہ بدوش گوجر اور بکروالوں کے کنبوں کوسخت مشکلات نے گھیر لیا ہے جس کی وجہ سے شدید سردی سے کئی کنبوں کے بھیڑ بکریوں کے مال کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں اور موسم کی مار سے بچنے کیلئے کئی خانہ بدوش کنبوں نے پہاڑوں سے واپس بانہال کے نچلے علاقوں کی راہ لی ہے ۔ ہفتے کی شام تک بانہال کی چنجلو ، چنگ مال ، ڈولیگام ٹھنڈی چھاووں ، جواہر ٹنل اور نوگام ٹھٹھاڑ کے پہاڑی سلسلے پر اس موسم کی تازہ برفباری ہوئی ہے جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور پیر پنچال کے آر پار سردی میں اضافہ ہوا ہے۔ درہ بانہال کے پہاڑوں پر ضلع ریاسی سے کوکرناگ کی طرف سفر کرنے والے ایک بکروال کنبے کے ایک درجن سے زائید میمنے (بھیڑ بکریوں کے بچے ) برفباری سے سردی کی شدت کی وجہ سے ہلاک ہوئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ذاکر حسین بکروال کا کنبہ بانہال کے چنجلو ٹاپ پر برفباری میں گھر گیا جس کی وجہ سے بھیڑ بکریوں کے تیراں بچے ہلاک ہوئے ہیں۔ ابتدائی نقصان اٹھانے کے بعد یہ کنبہ آج سہہ پہر چنجلو ٹاپ سے واپس بانہال کے رلو علاقے میں اپنے مال سمیت پہنچ گیا ہے اور وہیں لنگر انداز ہوئے ہیں۔ ابھی بھی کئی کنبے سر راہ ہیں اور مزید بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری انہیں مشکلات سے دوچار کر سکتی ہے۔ ہفتے کی شام تک ہلکی ہلکی بارشوں کا سلسلہ جاری تھا اور زور زور سے بجلی کڑک رہی تھی۔