پیر پنجال میں شدید بارش سے فصلوں کو نقصان، دیہات میں بجلی کی سپلائی متاثر

Mir Ajaz
3 Min Read

طوفانی بارش سے برساتی نالوں میں سیلابی صورتحال، سکول احتیاطی طور پر بند رکھے گئے

رمیش کیسر

راجوری//خطہ پیر پنجال کے پہاڑی اور میدانی علاقوں میں منگل کی رات سے لے کر بدھ کی صبح تک شدید بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس کے نتیجے میں کئی علاقوں میں عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔ کسانوں کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے، جبکہ متعدد دیہاتوں میں بجلی کی سپلائی بند ہوگئی ہے۔منگل کی رات سے شروع ہونے والی طوفانی بارش بدھ کی صبح تک وقفے وقفے سے جاری رہی۔ اس بارش نے جہاں گرمی سے راحت دی، وہیں دوسری جانب زراعت، ٹرانسپورٹ اور بجلی کے نظام کو بری طرح متاثر کیا۔ کئی مقامات پر برساتی نالے آمڈپڑے اور سیلاب جیسی صورتحال دیکھنے کو ملی، جس سے لوگوں کو آمدورفت میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔مقامی کسانوں کے مطابق مکئی کی فصل سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے، جو ابھی پوری طرح تیار نہیں ہوئی تھی۔ علاوہ ازیں، سبزیوں کی فصلیں بھی پانی میں ڈوب گئیں۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ اگر بارش کا یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہا تو آئندہ ہفتوں میں مزید نقصان کا اندیشہ ہے۔بجلی کے نظام پر بھی اس موسمی صورتحال کا شدید اثر پڑا ہے۔ کئی دیہاتوں میں ٹرانسفارمر خراب ہو گئے ہیں جبکہ کئی علاقوں میں بجلی کے کھمبے گر گئے ہیں۔ محکمہ بجلی کے ملازمین متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کے لئے سرگرم عمل ہیں، تاہم خراب موسم کے باعث مرمتی کام میں دشواری پیش آ رہی ہے۔بارش کے پیش نظر سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں احتیاطی تدابیر کے تحت تعطیل کا اعلان کیا گیا۔ کئی اسکولوں کے راستے بند ہونے کی اطلاعات ہیں، جس کے باعث طلبہ اور اساتذہ گھروں میں ہی رہے۔ محکمہ تعلیم کے حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے، اور حالات بہتر ہونے پر ہی اسکولوں کو دوبارہ کھولا جائے گا۔مقامی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں اور برساتی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔ انتظامیہ کے مطابق ریسکیو ٹیموں کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری کارروائی کی جا سکے۔

Share This Article