جاوید اقبال
مینڈھر // سخی میدان علاقہ مینڈھرمیں واقع معروف روحانی بزرگ پیر بابا چھوٹے شاہ رحمتہ اللہ علیہ کی زیارت پر تین روزہ سالانہ عرس پاک بروز سوموار عقیدت و احترام کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ اس مقدس موقع پر خطہ پیر پنجال کے مختلف علاقوں سے ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی اور روحانی فیوض و برکات حاصل کئے۔عرس پاک کا آغاز جمعہ کے روز ہوا تھا، جس میں محافل نعت، ذکر و اذکار، اور روحانی بیانات کا اہتمام کیا گیا۔ تین روزہ اس روحانی اجتماع میں مقامی انتظامیہ اور پولیس کی مکمل موجودگی رہی تاکہ عقیدت مندوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔آخری روز علمائے کرام نے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا، جن میں ملک و ملت کی سلامتی، بھائی چارے، اور خطہ پیر پنجال میں پائیدار امن و امان کی بحالی کے لئے دعا مانگی گئی۔ اس موقع پر علما نے اتحاد و یگانگت کا پیغام دیتے ہوئے نوجوان نسل کو دین اسلام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی۔مقامی لوگوں اور زائرین نے انتظامیہ کی جانب سے کی گئی سہولیات کو سراہا، اور امید ظاہر کی کہ آئندہ برس بھی اسی جوش و جذبے کے ساتھ عرس پاک کا انعقاد کیا جائے گا۔ عرس کے دوران بازاروں میں خاصی رونق دیکھنے کو ملی، اور مقامی معیشت کو بھی فائدہ پہنچا۔