عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// تہاڑ جیل میں بند انجینئر رشید اور آسام میں قید سکھ لیڈر امرت پال سنگھ، جنہیں لوک سبھا کے رکن کے طور پر حلف لینے کے لیے پیرول دیا گیا تھا، نے جمعہ کو پارلیمنٹ کمپلیکس کے ارد گرد سیکورٹی اہلکاروں کی بھاری تعیناتی کے درمیان ممبران پارلیمنٹ کے طور پر حلف لیا۔ انجینئر رشید غیر قانونی سرگرمیاں(روک تھام)ایکٹ کے تحت درج دہشت گردی کی فنڈنگ کیس میں دہلی کی تہاڑ جیل میں ہے، سنگھ قومی سلامتی ایکٹ کے تحت جرائم کے لیے آسام کے ڈبرو گڑھ ضلع کی ایک جیل میں بند ہے۔
انہیں جمعہ کی صبح سیکورٹی اہلکار پارلیمنٹ کے احاطے میں لائے۔ منتخب ممبران پارلیمنٹ نے رسمی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لوک سبھا اسپیکر کے چیمبر میں حلف لیا۔سنگھ31، اور رشید 56، نے حال ہی میں لوک سبھا کے انتخابات میں پنجاب کے کھڈور صاحب اور جموں اور کشمیر کے بارہمولہ سے بالترتیب، جیل میں رہتے ہوئے آزاد امیدوار کے طور پر جیتا تھا۔وہ دوسرے جیتنے والے امیدواروں کے ساتھ 24 اور 25 جون کو 18 ویں لوک سبھا کے ممبران کے طور پر حلف نہیں لے سکے۔حلف لینے کے لیے، رشید کو تہاڑ سے پارلیمنٹ تک کے سفر کے وقت کو چھوڑ کر دو گھنٹے کی حراستی پیرول دی گئی تھی، اور سنگھ کو آسام سے دہلی اور واپسی کے سفر کے پیش نظر، 5 جولائی سے شروع ہونے والی چار دن کی حراستی پیرول دی گئی تھی۔ان کے پیرول کے احکامات میں کہا گیا ہے کہ ان کی عارضی رہائی کی مدت کے دوران، وہ نہ تو کسی معاملے پر میڈیا سے بات کر سکتے ہیں اور نہ ہی کوئی بیان دے سکتے ہیں۔ ان کے اہل خانہ بھی میڈیا میں کسی قسم کا بیان نہیں دے سکتے۔سنگھ، خالصتانی ہمدرد، جو وارس پنجاب دے تنظیم کے سربراہ ہیں، کو دہلی میں اپنے خاندان سے ملنے کی اجازت دی گئی ۔رشید کے خاندان کو صرف ان کی حلف برداری میں شرکت کی اجازت تھی۔ رشید کے لیے پیرول، جو 2017 میں گرفتاری کے بعد 2019 سے جیل میں تھا، دہلی کی ایک عدالت نے اور سنگھ کو امرتسر کے ضلع مجسٹریٹ نے منظور کیا تھا جہاں سے اسے اپریل 2023 میں پولیس اسٹیشن میں گھسنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔